ہمارے دور میں کرفیو نہیں لگا، حکومتی رٹ کہیں نظر نہیں آرہی: پرویز الٰہی

لاہور(اے پی اے + نوائے وقت رپورٹ) ق لیگ کے سینئر رہنما وسابق نائب وزیراعظم چوہدری پرویزالٰہی نے کہا ہے بھاری مینڈیٹ والی حکومت کی حیثیت سب کے سامنے آچکی ہے۔ انہوں نے کہا سانحہ راولپنڈی میں ملوث افراد کیخلاف کارروائی ہونی چاہیے۔ موجودہ حکومت ہر جگہ کرفیو لگا رہی ہے، ملک میں کہی بھی حکومتی رٹ نظر نہیں آرہی۔ پرویز الٰہی نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہمارے دور میں کسی بھی جگہ کرفیو نہیں لگا تھا، بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے انکا کہنا تھا بلدیاتی انتخابات ہوئے تو بھاری مینڈیٹ کا پول کھل جائیگا۔ بلدیاتی انتخابات میں دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائیگا، بلدیاتی انتخابات کیلئے حکومت کی تیاری مکمل نہیں ہے۔ مسلم لیگ ن پرانے سروے چھپوا کر خود کو مطمئن کررہی ہے۔ عوام ون مین شو سے تنگ آچکے ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب غریب عوام پر ترس کھائیں۔ تاریخ گواہ ہے آج تک اتنی مہنگائی نہیں ہوئی جتنی اب ہوچکی ہے۔ غریب کا چولہا ٹھنڈا پڑ گیا ہے۔ بلدیاتی انتخابات میں عوام جعلی مینڈیٹ والی حکومت کو یکسر مسترد کردینگے، مشرف کے خلاف آرٹیکل 6کے تحت کارروائی کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں پرویز الٰہی نے کہا پرویز مشرف کے خلاف آرٹیکل 6کے تحت کارروائی کے معاملے پر بعد میں بات کرینگے۔ علاوہ ازیں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 186 بہاولپور سے تحریک انصاف کے امیدوار حاجی نعیم الدین وڑائچ اپنے  ساتھیوں سمیت ق لیگ میں شامل ہوگئے ہیں۔ انہوں نے یہ اعلان یہاں طارق بشیر چیمہ ایم این اے اور دیگر رہنمائوں کے ہمراہ چودھری پرویز الٰہی سے ملاقات کے دوران کیا۔ انہوں نے چودھری شجاعت حسین کی قیادت میں ق لیگ کی عوام دوست پالیسیوں اور خدمات کی تعریف کی۔ چودھری پرویز الٰہی نے کہا بلدیاتی الیکشن سے قبل مزید اہم شخصیات ہمارے ساتھ شامل ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ راولپنڈی اور دیگر شہروں میں ہونے والے افسوسناک واقعات کا دلی دکھ ہے، محرم میں حکومت کی مکمل ناکامی سامنے آگئی جبکہ ہمارے 5 سال میں بہتر پلاننگ اور انتظامات کے باعث محرم کے دوران ایک گلاس بھی نہیں ٹوٹا تھا اور کسی ایک شہر میںبھی کرفیو نافذ نہیںکیا گیا تھا۔ چودھری پرویز الٰہی نے حاجی نعیم الدین وڑائچ ان کے ساتھیوں اور رکن قومی اسمبلی طارق بشیر چیمہ کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا یہ ہماری پارٹی کے فعال ہونے کا آغاز ہے۔