گورنر پنجاب پاکستان کو جی ایس پلس سٹیٹس دلانے کیلئے آج برسلز جائیں گے

لاہور (احسن صدیق) یورپی یونین سے پاکستان کو جی ایس پی پلس سٹیٹس دلانے کے لئے گورنر پنجاب آج (منگل کو) برسلز روانہ ہو رہے ہیں جہاں وہ یورپی یونین کی پارلیمنٹ کے 10اور 11دسمبر کے اجلاس سے قبل پاکستان کو جی ایس پی پلس سٹیٹس دلانے کے لئے لابنگ کریں گے۔ واضح رہے کہ یورپی یونین کی خصوصی کمیٹی پاکستان کو جی ایس پی پلس سٹیٹس دینے کی منظوری دے چکی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ یورپی یونین کی خصوصی کمیٹی کی جانب سے منظور کردہ بل 10اور 11دسمبر کو یورپی یونین کی پارلیمنٹ میں پیش کیا جائے گا اگر اس کی مخالفت نہ کی گئی تو پاکستان کو جی ایس پی پلس کا سٹیٹس یکم جنوری 2014ء سے مل جائے گا۔ ذرائع نے بتایا کہ گورنر پنجاب چودھری سرور اپنے ذاتی تعلقات کی بناء پر پاکستان کے لئے لابنگ کریںگے۔ اس کے علاوہ وہ یورپی اور برطانوی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت بھی دیں گے۔ ذرائع نے بتایا کہ جی ایس پی پلس سٹیٹس ملنے کا پاکستان کو اربوں ڈالر کا فائدہ ہو گا اور ایک محتاط اندازے کے مطابق پاکستان کی ٹیکسٹائل برآمدات آئندہ سالوں کے دوران 28ارب ڈالر سے 30ارب ڈالر تک پہنچ سکتی ہے۔ ذرائع کے مطابق ہمسایہ ملک چین میں پیداواری لاگت بہت بڑھ گئی ہے اور یورپی اور امریکی سرمایہ کار وہاں سے نکل رہے ہیں اس صورت حال سے پاکستان بھرپور فائدہ اٹھا سکتا ہے۔