ملک کیخلاف گہری سازشیں ہو رہی ہیں ان پر نظر رکھنا ہوگی:فضل الرحمن

لاہور (خصوصی نامہ نگار) مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ ملک میں بدامنی کی ہر سازش کا مقابلہ کر نے کیلئے علماء اور عوام کو تاریخی کردار ادا کرنے کیلئے میدان عمل میں اترنا ہوگا، ملک کو عدم استحکام کا شکار کرنے کیلئے گہری سازشیں ہورہی ہیں، ان پر نظر رکھنی ہوگی۔ واقعہ راولپنڈی کے حوالے سے مطالبات پر حکومت فوری عمل کرے، ملزمان کو گرفتار کیا جا ئے اور خفیہ ہاتھوں کو بے نقاب اور عوام کو حقیقت سے آگاہ کیا جائے۔ پارٹی رہنمائوں اور وفود سے گفتگو میں مولانا فضل  الرحمن نے کہا کہ  راولپنڈی واقعہ میں انتظامیہ کی نااہلی بہت واضح ہے۔ علمائ، طلباء اور عوام زخمیوں کی جلد صحت یابی اور متاثرہ خاندانوں کیلئے صبر اور ملک میں امن کے قیام کیلئے خصوصی دعائوں کا اہتمام کریں۔ علماء جمعہ 22 نومبر کو اس واقعہ کیخلاف مذمتی قراردادیں منظور کروائیں اور ملک میں امن کیلئے خصوصی دعائیں کروائیں مولانا فضل  الرحمان نے وزیراعلی پنجاب پر زور دیا ہے کہ متاثرہ خاندانوں اور تاجر برادری کی مالی معاونت فوری کی جائے۔ مولانا نے کہا کہ اس ظلم کی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے۔ اس واقعہ نے لوگوں کے دلوں کا ہلا کے رکھ دیا ہے اور یہ بدامنی کی سازشوں پر تیل چھڑکنے کی ایک بڑی سازش تھی لیکن ہم ایسی تمام سازشوں پر نظر رکھے ہوئے ہیں اورکسی کو بھی اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے کہا عوام کسی افواہ پر کان نہ دھریں اور فرقوں کی بنیاد پر فسادات  کے واقعات ملک کی بنیادیں ہلانے کے مترادف ہیں۔ حکومت واقعہ کے اصل چہروں کو سامنے لائے۔