سندھ: ڈینگی سے خاتون ہلاک، پنجاب میں مزید 23مریض سامنے آ گئے

لاہور+ کراچی (نیوز رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ) سندھ میں ڈینگی سے متاثرہ خاتون دم توڑ گئی۔ ڈینگی سرویلنس سیل کے مطابق سندھ میں ڈینگی سے جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 27ہو گئی جبکہ لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں سے ڈینگی فیور کے مریضوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے اور 23نئے مریضوں کی آمد کے بعد صوبہ بھر میں ڈینگی کے مجموعی مریضوں کی تعداد 1935 تک جا پہنچی ہے۔ محکمہ صحت پنجاب کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران ڈینگی سے متاثرہ مزید 23نئے مریضوں کو لاہور اور راولپنڈی کے ہسپتالوں میں لایا گیا ہے جن میں 16مریضوں کی لاہور 6کی راولپنڈی اور ایک مریض کی بہاولنگر کے ڈسٹرکٹ ہسپتال میں ڈینگی کے حوالے سے تصدیق کی گئی۔ اے پی پی کے مطابق سوات میں موسمی تغیر کے بعد گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ڈینگی وائرس کا صرف ایک کیس سامنے آیا، ضلع بھر میں ڈینگی بخار سے متاثرہ افراد کی تعداد 9ہزار 41تک پہنچ گئی۔