دبئی ایئر شو: پاک فضائیہ کے جے ایف تھنڈر طیاروں کے دوسرے روز بھی دلفریب کرتب

دبئی ایئر شو: پاک فضائیہ کے جے ایف تھنڈر طیاروں کے دوسرے روز بھی دلفریب کرتب

لاہور + دبئی (خبرنگار + نیوز ایجنسیاں) پاک فضائیہ کے JF-17 تھنڈر لڑا کا طیاروں نے گذشتہ روز بھی دبئی ائر شو میں دلفریب فضائی کرتب دکھائے۔ لوگوں کی ایک بڑی تعداد پاک فضائیہ میں شامل ہونیوالے اس جہاز کے ناقابلِ یقین کرتب دیکھنے کیلئے موجود تھی۔ حاضرین نے پاک فضائیہ کے ایروبیٹکس دستے کی کارکردگی کو سراہا اور انہیں دل کھول کر داد دی جبکہ دبئی ائر شو کے پہلے روز ہی ڈیڑھ سو ارب کے سودوں نے ریکارڈ بنا لیا۔ علاوہ ازیں اپنے ہم عصر جنگی جہازوں میں JF-17 تھنڈر کو ایک نمایاں حیثیت حاصل ہے۔ پاکستان ائیروناٹیکل کمپلیکس اور CATIC کی مشترکہ کاوش JF-17 تھنڈر ایک کم قیمت، بہت طاقتور، ہمہ جہت جنگی جہاز ہے جو کہ حال اور مستقبل کی فضائی طاقت کے چیلنجز کو پورا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ JF-17 تھنڈر ایک بہترین اور ہمہ جہت کم وزن جنگی جہاز ہے۔ اس جہاز کا کاک پٹ مکمل شیشے کا بنا ہوا ہے اور اسکے اندر ایک شاندار کمپیوٹرائزڈ نظام موجود ہے۔ یہ طیارہ جدید ترین ایویانکس سسٹم سے مزین ہونے کے ساتھ ساتھ ہر قسم کے جدید ہتھیاروں، بمبوں، فضا سے فضا اور فضا سے زمین پر اور اینٹی شپ میزائل سے لیس ہے۔ علاوہ ازیں پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل طاہر رفیق بٹ نے دبئی ائیر شو میں شامل پاک فضائیہ کے ایرو بیٹکس دستے سے فلائٹ لائن پر ملاقات کی۔ ائر چیف نے پاک فضائیہ کے ہوا بازوں اور تکنیکی عملے سے بات چیت کی اور انکی کارکردگی کو سراہتے ہوئے ان کے جذبے اور اعلیٰ حوصلے کی تعریف کی۔ علاوہ ازیں پاکستان نے مقامی طور پر جے ایف 17 ملٹی رول لڑاکا طیاروں کی تیاری کا پہلا بیچ مکمل کرلیا۔ 50 ویں جے ایف 17 طیارے کی کامرہ میں پاکستان ایروناٹیکل کمپلیکس فیکٹری سے پاک فضائیہ کے حوالے کرنے کی تقریب اگلے ماہ ہوگی۔ یہ طیارے پاکستان اور چین کی فضائیہ نے مشترکہ طور پر تیار کئے ہیں۔ دوسری جانب دفاعی پیداوار کے وزیر رانا تنویر حسین نے دبئی ائر شو کے دورے کے دوران بوٹنگ کمپنی کے نائب صدر سے باتیں کر تے ہوئے کہا کہ پاکستان نے ہوا بازی کی بہترین اور معیاری مصنوعات تیار کرنے کی صلاحیت حاصل کرلی ہے۔ جے ایف 17 تھنڈر او ر سپر مشاق کی مقامی طور پر تیاری ہوا بازی کی ٹیکنالوجی میں پاکستان کی بڑی کامیابی کے مظہر ہیں۔ ادھر دبئی ائر شو کے آغاز سے قبل گرد و غبار کے طوفان نے شو کا مزہ کرکرا کرنے کی  ناکام کوشش کی لیکن شاندار ائر شو تھما نہیں اور پہلے ہی روز ایوی ایشن کی تاریخ میں ریکارڈ بنا ڈالا۔ اس بار دبئی ائر شو 2013ء پہلی بار نئے المختوم انٹرنیشنل ائرپورٹ پر ہو رہا ہے، 5 روزہ دبئی شو 21 نومبر کو اختتام پذیر ہو رہا ہے۔ سال 2011ء میں 63 ارب ڈالر طیاروں کی خریداری کی گئی تھی۔