بھارتی فلموں کی درآمد اور نمائش رکوانے کے لئے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر

لاہور (وقائع نگار خصوصی) پاکستان میں بھارتی فلموں کی درآمد اور ان کی ملک میںنمائش رکوانے کے لئے لاہور ہائی کورٹ میں رٹ درخواست کے ذریعے رجوع کر لیا گیا ہے۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ قانونی طور پر بھارت میں بننے والی اور فلمائی گئی فلم کو پاکستان میں نمائش کے لئے درآمد کر کے نمائش کے لئے پیش کرنے کی اجازت نہیں لیکن اس کے باوجود بھارت کی فلمیں درآمد کر کے نمائش کے لئے پیش کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے بھارت کی ایک فلم کا ذکر کرتے ہوئے مزید مؤقف اختیار کیا ہے کہ بھارتی فلم چنائی ایکسپریس بھارت میں فلمائی گئی اور اسے بھارت سے درآمد کر کے پاکستان میں نمائش کے لئے پیش کیا جا رہا ہے لہٰذا عدالت سے استدعا ہے کہ وہ اس امر کا نوٹس لے۔