امداد کے نام پر تنخواہوں سے کٹوتی کیخلاف درخواست پر پنجاب حکومت سے جواب طلب

لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی نے زلزلہ متاثرین کی امداد کے نام پر سرکاری ملازمین اور افسروں کی تنخواہوں سے کٹوتی کے خلاف دائر درخواست پر حکومت پنجاب سے جواب طلب کر لیا۔گزشتہ روزلاہور ہائیکورٹ نے کیس کی سماعت کی۔ درخواست گذار بیرسٹر جاوید اقبال جعفری نے موقف اختیار کیا کہ حکومت پنجاب نے اپنے اختیار سے تجاوز کرتے ہوئے سرکاری ملازمین کی ایک دن کی تنخواہ میں کٹوتی کی۔ ملکی قوانین کسی بھی حکومت یا ادارے کو سرکاری ملازمین کا حق غصب کرنے کی اجازت نہیں دیتے۔ انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ عدالت سرکاری ملازمین کی ہونے والی تنخواہوں میں کٹوتی کے اقدام کو کالعدم قرار دے اور زلزلہ متاثرین کی مدد سرکاری خزانے سے کرنے کا بھی حکم صادر کرے۔