عمران خان‘ شیخ رشید نے پارلیمنٹ نہیں پاکستانی عوام کی توہین کی : سیاسی رہنما
ملتان (سپیشل رپورٹر) متحدہ اپوزیشن کے احتجاجی جلسہ میں پی ٹی آئی کے رہنما عمران خان اور شیخ رشید کی جانب سے پارلیمنٹ کے لئے توہین آمیز فقرے ادا کرنے پر ملتان کی سیاسی شخصیات نے اپنے سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ مختلف سیاسی رہنماؤں نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ میں جانے کے لئے بے تاب رہنے والی شخصیات کا جلسوں میں اسی پارلیمنٹ کو بے توقیر کرنا دراصل ان کے دوہرے رویے کی مثال ہے۔ عمران خان اور شیخ رشید نے پارلیمنٹ کی نہیں بلکہ پاکستان کے تمام عوام کو توہین کی ہے پاکستان کے عوام نے ان کے جلسہ کو مسترد کردیا ہے ان خیالات کا اظہار سیاسی رہنماؤں نے نمائندہ نوائے وقت سے خصوصی ملاقات کے دوران کیا۔ اس موقع پر نمائندہ نوائے وقت سے گفتگو کرتے ہوئے ضلعی جنرل سیکرٹری مسلم لیگ ن شیخ اطہر ممتاز نے کہا کہ عمران خان اور شیخ رشید نے جیسی زبان استعمال کی ہے وہ تمام پاکستانیوں کی توہین ہے یہ خود اسمبلی میں آ کر وزارت عظمیٰ کے خواب دیکھ رہے ہیں مگر دوسری جانب اسی پارلیمان کی توہین بھی کررہے ہیں۔ رہنما مسلم لیگ ن ارشد بوٹا نے کہا کہ عمران خان اور شیخ رشید عوام کے مسترد شدہ سیاست دان ہیں وہ اپنا غصہ اب عوامی اداروں پر اس لئے نکال رہے ہیں ان کا احتساب ہونا چاہئے۔ رہنما مسلم لیگ ن شاہد مختار لودھی نے کہا کہ پارلیمنٹ کو گالی دیکر دونوں رہنما عوام کے سامنے بے نقاب ہو چکے ہیں اب عوام انہیں اس بات کی سزا 2018ء کے تمام انتخابات میں مسترد کر دیں گے۔ رہنما مسلم لیگ ن سہیل فراز نے کہا کہ پارلیمنٹ کے متعلق جو زبان استعمال کی گئی ہے اس پر ایسے عناصر کا محاسبہ ضروری ہے یہ عوام کی توہین و تحقیر کا معاملہ بن چکا ہے رہنما مسلم لیگ ن عبدالرحمن نے کہا کہ عمرن اور شیخ رشید دراصل پاکستان کے لئے دو فیتے بن چکے ہیں۔ نفرت کی سیاست کو فروغ دیکر قوم کو تقسیم کر رہے ہیں مسلم لیگ ن کے رہنما آصف انصاری نے کہا کہ پارلیمان کی توہین پر قرارداد کا منظور ہونا خوش آئند ہے اب ان دونوں کو سزا ملنا چاہئے۔ رہنما مسلم لیگ ن مسعود قریشی نے کہا کہ عمران خان اور شیخ رشید عوام کے ووٹوں سے اس ایوان میں پہنچے ہیں اور اسی ایوان کو خود ہی بے توقیر کررہے ہیں یہ عمل سراسر غلط ہے۔ رہنما مسلم لیگ ن عابد باکسر نے کہا کہ پارلیمنٹ کو توہین سے پوری دنیا میں پاکستان کی بدنامی ہوئی ہے رہنما مسلم لیگ ن منیر اختر لنگاہ نے کہا کہ اب ہم پارلیمنٹ کو مزید بے توقیر نہیں ہونے دینگے اگر انہیں پارلیمنٹ اتنی بری لگتی ہے تو پھر آخر وہ پاارلیمنٹ کو چھوڑ ہی کیوں نہیں دیتے۔ رہنما پی ایس پی شیخ کرامت نے کہا کہ پارلیمنٹ کی وجہ سے ایک عام شخص اپنی عزت میں اضافہ کرتا ہے اگر پارلیمنٹ ٹھیک جگہ نہیں ہے تو پھر وہ استعفا کیوں نہیں دے دیتے ۔ دراصل ان کا مقصد ہی پاکستان کو افراتفری میں مبتلا کرنا ہے۔