’’اتحادی جماعتیں سینٹ الیکشن میں ملکر ہارس ٹریڈنگ روکیں‘‘ سراج الحق کی پرویز خٹک سے ملاقات

’’اتحادی جماعتیں سینٹ الیکشن میں ملکر ہارس ٹریڈنگ روکیں‘‘ سراج الحق کی پرویز خٹک سے ملاقات

لاہور (خصوصی نامہ نگار)خیبر پی کے میں حکومت کی کارکردگی کا جائزہ لینے اور سینٹ انتخابات کے حوالے سے تبادلہ خیال کرنے کے لئے جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق اور وزیرا علیٰ پرویز خٹک کے درمیان وزیر اعلیٰ ہائوس میں تفصیلی ملاقات ہوئی۔ اس موقع پر صوبائی امیر پروفیسر محمد ابراہیم، صوبائی وزراء مظفر سید خان، عنایت اللہ خان اور شہرام ترکئی بھی موجود تھے۔ سراج الحق نے کہا کہ صوبائی حکومت میں شامل تینوں اتحادی جماعتوں کو مسلسل حکومت کی کار کردگی کا جائزہ لینا چاہیے اور اس کو پورے ملک کے لئے ماڈل صوبہ بنانے کے لئے مسلسل تگ و دو اور سوچ بچار کرنے کی ضرورت ہے۔ صوبے کی حکمران جماعتوں اور اپوزیشن کو مل کر سینٹ انتخابات میں ہارس ٹریڈنگ کا راستہ روکنے کیلئے کام کرنا چاہیے تاکہ کوئی بھی شخص دولت کے بل پر ایوان بالا میں نہ پہنچ سکے۔ وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے امیرجماعت کو بتایا کہ صوبے کو کرپشن سے پاک کرنے کے لئے صوبائی حکومت مسلسل اقدامات کر رہی ہے اور احتساب کمیشن بھی جلد فعال ہو جائے گا۔ انہوں نے امیر جماعت اسلامی کو بتایا کہ سینٹ انتخابات میں ہارس ٹریڈنگ کا راستہ روکنے کے لئے وہ اپوزیشن رہنمائوں سے مسلسل رابطے میں ہیں۔ دریں اثناء افغان وزیر خارجہ صلاح الدین ربانی نے امیر جماعت اسلامی کو ٹیلی فون کیا اور دورہ افغانستان کی دعوت دی جو سراج الحق نے قبول کرلی۔ دونوں رہنمائوں نے پاکستان اور افغانستان کے موجودہ سیاسی حالات پر تبادلہ خیال کیا۔ سراج الحق نے صلاح الدین ربانی سے کہاکہ پاکستان آپ کا گھر ہے۔ مرحوم استاد برہان الدین ربانی کے ساتھ ہمارے دیرینہ تعلقات تھے۔