ڈاکٹروں پر حملہ انسانی خدمت انجام دینے سے روکنے کی سازش ہے: پی ایم اے پنجاب

لاہور (کامرس رپورٹر) ڈاکٹروں پر حملہ انسانی خدمت انجام دینے سے روکنے کیلئے ا یک بہیمانہ سازش ہے۔ ڈاکٹر مہر محمد اقبال صدر پی ایم اے پنجاب ڈاکٹر محمد تنویر انور صدر  لاہور، ڈاکٹر رانا سہیل نائب صدر لاہور ڈویژن نے ایم پی اے ہائوس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹرز کے ساتھ ہونے والی دہشت گردی، بھتہ خوری اور ان کو ہراساں کرنے کے واقعات بالخصوص ڈاکٹر سمیع اللہ کی شہادت اور پروفیسر ڈاکٹر شاہد نواز، ڈاکٹر علی رضا پر قاتلانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ اجلاس میں اس بات کا اظہار کیا گیا کہ یہ واقعات ایک مخصوص شعبے کے لوگوں کو انسانی خدمت سرانجام دینے سے روکنے کیلئے ایک سازش ہے۔ اس سلسلے میں حکومت وقت ڈاکٹروں کو تحفظ دینے میں ناکام ہو چکی ہے۔ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ قاتلانہ حملے میں ملوث افراد کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے۔