پنجاب: بیورو کریسی عوامی فلاحی پلان تیار کرنے میں ناکام

لاہور (سپیشل رپورٹر) پنجاب میں بیورو کریسی نے عوام کی بہتری ، ان کی سہولت ، غربت کے خاتمے ، اور بے روزگاری پر قابو پانے کے لئے وزیر اعلی پنجاب کی طرف سے تقریبا دو سال قبل پلان تیار کرنے کی ہدایات پر عمل درآمد نہیں کیا۔ وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ ، چیف سیکرٹری ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری متعدد بار محکموں کو گروتھ اینڈ ڈویلپمنٹ سٹرئیٹجی کے لئے لیٹر جاری کر چکے ہیں لیکن کسی محکمے نے اپنی رپورٹس جمع نہیں کروائی ہیں ۔ جس پر ایڈیشنل چیف سیکرٹری اب میدان میں آگئے ہیں ان کی طرف سے لیٹر جاری کیا گیا ہے جس پر انہوں نے محکموں سے جلد از جلد اپنی رپورٹس جمع کروانے کی ہدایات جاری کرد ی ہیں۔ جبکہ ایڈیشنل چیف سیکرٹری کے دفتر کے ذرائع کے مطابق صرف 12 محکموں و اداروں نے اپنی رپورٹس بجھوائی ہیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے 19 جون 2013 کو ایک ڈائریکٹو جاری کیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ محکموں کی پرفارمس بہتر کرنے ، عوام کے مسائل کے حل ، اور بے روزگار کے خاتمے کے لئے  اپنے محکموں کی رپورٹس فراہم کریں ۔