والڈ سٹی اتھارٹی کے زیراہتمام 3 روزہ میلہ جشن شاہی گزرگاہ 20 فروری سے شروع ہو گا

لاہور(خبر نگار)والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی کے  زیر اہتمام میلہ جشن شاہی گزر گاہ کا آغاز20فروری سے ہوگا۔میلہ تین روز تک جاری رہے گا۔ والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل کامران لاشاری کا کہنا ہے کہ میلے کے انعقاد کے ذریعے ہمیں اپنے کلچر اور ثقافت کو جاننے میں مدد ملتی ہے۔والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی کی ترجمان تانیہ قریشی نے کہا کہ میلے کے پہلے روز اجوکا تھیٹر کی جانب سے لو پھر بسنت آئی کے نام سے ایک تھیٹر جبکہ رفیع پیر تھیڑکی جانب سے ایک پپٹ شو کا اہتمام بھی کیا گیا ہے جبکہ عارف لوہار، بشری صدیق، ریاض علی قادری، آصف علی سنتو، سائیں غلام عباس، سائیں ظہور، ملازم حسین، نمرل شاہ، رفاقت علی خان، تبریز عزیز میاں ، صنم ماروی، عدیل برکی، شاعر علی مہر علی اور ندا فیض سمیت دیگر فنکار اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔