لاہور سمیت مختلف شہروں میں بارش‘ باغ میں لینڈ سلائیڈنگ

لاہور (سپورٹس رپورٹر+ نمائندگان) لاہور میں بھی رم جھم اور ٹھنڈی ہوا نے موسم کو دلفریب بنا دیا، آئندہ چوبیس گھنٹے میں اسلام آباد، گوجرانوالہ، لاہور اور کشمیر میں بارش ہو سکتی ہے۔ اسلام آباد اور راولپنڈی میں وقفے وقفے سے تیز بارش کا سلسلہ جاری رہا۔ مغربی ہوائوں کے زیر اثر اسلام آباد اور راولپنڈی میں گھنے بادل آئے، گرجتے بادل چھما چھم برسے تو جل تھل ہوگیا۔ لاہور میں صبح سویرے ہی آسمان پر بادل چھا گئے، رم جھم کے ساتھ چلنے والی ٹھنڈی ہوا نے موسم دلفریب بنا دیا۔ زیارت اور قلات میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے بھی نیچے ہے جس سے معمولات زندگی منجمد ہو کر رہ گئے ہیں، محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹے میں اسلام آباد، راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، ہزارہ، گلگت بلتستان اور کشمیر میں چند ایک مقامات پر بادل برس سکتے ہیں جبکہ پہاڑوں پر برفباری کا بھی امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب کے بیشتر علاقے بادلوں کی لپیٹ میں ہیں۔ مختلف شہروں میں پیر سے شروع ہونے والا بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، سرگودھا اور فیصل آباد ڈویژن میں بارش کا امکان ہے۔ ہفتہ سے نسبتاً زیادہ بارش برسانے والا مغربی ہوائوں کا نیا سلسلہ بلوچستان کے راستے پاکستان میں داخل ہوگا جس سے اتوار سے منگل تک بالائی اور وسطی پنجاب، خیبر پی کے، کشمیر، گلگت بلتستان میں اکثر مقامات جبکہ بلوچستان، جنوبی پنجاب اور بالائی سندھ میں کہیں کہیں گرج چمک کیساتھ بارش اور مری، گلیات، مالاکنڈ ، گلگت بلتستان اور کشمیر میں پہاڑوں پر برف باری کا امکان ہے۔ ادھر آزاد کشمیر کے علاقے باغ میں لینڈ سلائیڈنگ اور برفانی تودہ گرنے سے مرکزی سڑکیں بند ہو گئیں درہ حاجی پیر، ٹوبہ بھیڈی اور سنکھ میں اشیائے خوردو نوش کی قلت ہوگئی، شہریوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ تا ہم باغ اور گردونواح میں بارش اور برفباری جاری ہے۔ بدھ کے روز سرگودھا اور گردونواح میں بھی کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش سے موسم انتہائی خوشگوار ہو گیا اور لوگوں کے مرجھائے چہرے کھل اٹھے، حالیہ بارش بہار کی آمد کی نوید سنا رہی ہے۔ بارش کے باعث موسم میں خوشگوار تبدیلی کو لوگوں نے محسوس کیا۔