شعبہ طب سے وابستہ افراد کو عالمی سطح پر رائج پروفیشنل رویوں کو اپنانا ہو گا: ڈاکٹر اعجاز احسن

لاہور(کامرس رپورٹر)پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹیٹیوٹ کے سابق ڈین پروفیسر ڈاکٹر اعجاز احسن نے کہا ہے کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ شعبہ طب سے وابستہ افراد  اپنے فرائض کی نوعیت کو پہچانیں اور اس شعبے میں عالمی سطح پر رائج پروفیشنل رویوں کو اپنانے میں دیر نہ کریں کیونکہ میڈیکل سائنس میں تحقیق کی بنیاد پر جنم لینے والے نئے رجحانات کو وطن عزیز میں رائج کئے بغیر آئے روز پھیلنے والی نت نئی وباؤ ں سے چھٹکارا ممکن نہیں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار  جنرل ہسپتال میں پانچویں سالانہ سائنٹیفک سمپوزیم کی افتتاحی تقریب سے مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سپموزیم کے پہلے سیشن سے پرنسپل پروفیسر انجم حبیب وہرہ ، پروفیسر سید اصغر نقی، پروفیسرآغاشبیر علی ، پروفیسر خالد محمود ، پروفیسر نذیر احمد ، پروفیسر نزہت خواجہ ، پروفیسر فرح شفیع ودیگر طبی ماہرین نے خطاب کیا۔ پروفیسر انجم حبیب وہرہ نے کہا کہ  ہم اپنے ادارے کو میڈیکل سیمینار ، ورکشاپ اور سمپوزیم کے زیادہ سے زیادہ انعقاد کے ذریعے میڈیکل کے شعبے میں سٹیٹ آف دی آرٹ علاج گاہ میں تبدیل کر دیں گے۔