حالیہ دہشت گردی میں غیر ملکی ہاتھ ملوث ہے، مجرموں کو عبرتناک سزا دی جائے: سمیع الحق

حالیہ دہشت گردی میں غیر ملکی ہاتھ ملوث ہے، مجرموں کو عبرتناک سزا دی جائے: سمیع الحق

لاہور (خصوصی نامہ نگار)جمعیت علماء اسلام (س) کے سربراہ مولانا سمیع الحق نے آرمی چیف سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ دہشت گردی کے واقعات کے پس پردہ ہاتھ کو بے نقاب کرکے مجرموں کو عبرتناک سزادی جائے، دہشت گردی میں ملک دشمن قوتوں کا ہاتھ ہے لیکن اس کو فرقہ واریت کا نام دے دیا جاتا ہے،21ویں ترمیم سیکولر سٹیٹ کی طرف پہلا قدم ہے، اسے ختم کرکے 22ویں ترمیم لائی جائے، مدارس اور مساجد کے متعلق حکومتی اقدامات کے خلاف تمام مکتبہ فکر کے رہنما اکٹھے ہوکر حکومت کے پاس چلیں تو یہ سازش ناکا م ہوگی، مدارس، مساجد، علماء اور آئمہ مساجدکی بلاجواز گرفتاری جبکہ مدارس سے ماورائے قانون کوائف لینا ناقابل برداشت ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مجلس علماء اسلام کی سپریم اور جنرل کونسل کے مشترکہ اجلاس کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں مولانا محمد احمد لدھیانوی، مولانا فداء الرحمن ،مولانا زاہد الرشدی، مولانا پیر عبدالرحیم نقشبندی، مولانا اویس نورانی، مولانا اللہ وسایا، مولانا شاہ عبدالعزیز مجاہد، مولانا محمد امجد خان اور مولانا محمد الیاس چنیوٹی دیگر مذہبی شخصیات نے شرکت کی۔ مولانا سمیع الحق نے کہا کہ دہشت گردی کے تمام واقعات کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ ان حالات میں قومی وحدت اور تمام محب وطن قوتوں کی فکری یکجہتی وقت کی اہم ترین ضرورت ہے اس کے لئے مجلس علماء اسلام نے جلد تمام مکاتب فکر کے قائد کی مجلس مشاورت کے انعقاد کا فیصلہ کیا ہے اس سلسلے میں رابطہ کمیٹی کے سربراہ مولانا سید عطاء المومن بخاری کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دے دی گئی جو آٹھ نکاتی ایجنڈ ے پر اعتماد کی فضا قائم کرے گی ۔ان نکات کے نفاذ کے لئے مل کر آواز اٹھائی جائے گی۔حکومت سے مطالبہ کیا جائے گا کہ اسلامی نظام نافذ کیا جائے پاکستان کے اسلامی تشخص کا تحفظ کیا جائے ۔ 73ء کے دستور کی آئینی دفعات پر عملد رآمدکیا جائے ۔مقا م اہل بیت کا تحفظ کیا جائے۔غیر ملکی نصاب کو ختم کیا جائے ۔ملک میں شیعہ سنی قتل و غارت نہیں ہورہی، اس کے پس پردہ سازش لگتی ہے اور یہ قتل ملک دشمن قوتیں آگ لگانے کے لئے کررہی ہیں۔اس کی روک تھام کے لئے اقدامات اٹھائے جائیں۔ ایمپلی فائر ایکٹ اور اس پر عملدرآمد کے سلسلے میں پنجاب پولیس کے اقدامات پر گہری تشویش ہے۔ توہین آمیز خاکوں کی اشاعت کے خلاف سعودی عرب میں ملین مارچ کا انعقاد کیا جائے اور یورپ کے حکمرانوں کو سخت پیغام دیا جائے۔ اجلاس میں دہشت گردی کے واقعات کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا گیا کہ دہشت گردی کی حالیہ لہر کے پیچھے غیرملکی ہاتھ ملوث ہیں جو پاکستان کی سالمیت کو نقصان پہنچانے کے درپے ہے اور ان خونی سرگرمیوں کے ذریعے پاکستان اسلام اور پاکستانی قوم کو بدنام کرنے کی کوششوں میں مصروف ہے۔ اجلاس حکومتی انتظامی اداروں سے دہشت گردوں کے نیٹ ورکس توڑ کر ملکی سرحدوں میں دراندازی کے سلسلے کو سختی سے روکے۔