این اے 137 ضمنی انتخاب: سرکاری وسائل کا بے دریغ استعمال کیا جا رہا ہے : اعجاز چودھری

لاہور(خبر نگار)تحریک انصاف پنجاب کے صدر اعجازاحمد چودھری اور پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار بریگیڈیئر (ر) اعجازاحمدشاہ نے کہا ہے کہ  پنجاب حکومت این اے 137 کے ضمنی انتخابات میں سرکار ی مشینری اور وسائل کو بے دریغ استعمال کررہی ہے۔ حلقے میں وزراء پروٹوکول کے ساتھ سرکاری گاڑیوں پر  انتخابی مہم  چلا رہے ہیں ، الیکشن کے شیڈول کے اعلان کے بعدسو سے زائد ترقیاتی منصوبوں پر کام دھڑا دھڑ ہو رہا ہے ،پنجاب حکومت اور انتظامیہ نے حلقے میں پری پول رگنگ کے سارے ریکارڑ توڑ دیئے ہیں۔ حکومتی ایم پی اے کوتیس تیس کروڑ سرکاری فنڈجاری کئے گئے ہیں، ٹینڈر کے بغیر ترقیاتی کام تیزی سے کئے جارہے ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب کا بیٹا سلمان شہباز پروٹوکول کے ساتھ سیدوالامیں (ن) لیگ کے امیدوار کے لئے ووٹ مانگتے پھر رہے ہیں۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ این اے 137 میں پری پول دھاندلی کا نوٹس لے۔وہ  لاہور پریس کلب میں  این اے 137 میں ہونے والی پنجاب حکومت اور انتظامیہ کی پری پول ریگننگ کے حوالے سے پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔