کمسن شہیدوں نے تاریخ رقم کی ، خون ضرور رنگ لائے گا : گورنر پنجاب
لاہور( خصوصی رپورٹر) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے سی ایم ایچ پشاور ہسپتال میں آرمی پبلک سکول کے سانحہ میں زخمی ہونے والے طلبہ کی عیادت کی ۔ انہوں نے اس موقع پر کہا کہ شہداءکا خون کسی صورت رائیگاں نہیں جائے گا ۔ کمسن شہداءکی داستان بہادری سنہری حروف میں لکھی جائے گی ۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ ہماری مسلح افواج نے ہمیشہ بہادری ، جرات اور دلیری کی داستان رقم کی ۔ بعدازاں گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے گورنر خیبر پی کے سردار مہتاب احمد خاں کے ہمراہ پریس سے خطاب کے دوران کہا کہ ملک سے دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ باہر پھینکنے کے لئے افواج پاکستان کے ساتھ ساتھ علماءاکرام ، سول سوسائٹی اور پوری قوم کو متحد ہونا پڑے گا ۔ انہوں نے کہا کہ اس موقع پر تحریک انصاف کے چیئرمین کا دھرنے ختم کرنے کا فیصلہ قابل تحسین ہے ۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ پشاور میں ہونے والے اس المناک سانحہ اور عظیم قومی نقصان پر پوری قوم اشکبار اور غم میں ڈوبی ہوئی ہے ۔ گورنر نے کہا کہ آج پوری قوم اس عفریت کے خاتمے کے لئے متفق اور متحد ہو گئی ۔