چینی صدر کے دورہ سے پاکستان چین دوستی کو مزیداستحکام ملے گا: رانا اقبال
لاہور (خصوصی رپورٹر)پاکستان اور چائنہ کے تعلقات ‘دوستی کے باب میں شاندار تاریخ رقم کر رہے ہیں اور ہر آڑے وقت میں دونوں کی دوستی مضبوط سے مضبوط تر اور ان تعلقات کی وسعت سرحدوں سے نکل کر دلوں تک پھیلتی جار ہی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے چین کے صوبہ چنگ ڈو کے میئر ٹانگ زیانگ ژی سے ملاقات کے دوران کیا جنہوں نے گورنر ہاؤس میں سات رکنی وفد کے ہمراہ گورنر پنجاب سے ملاقات کی ۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ چین کے صدر شی چن پنگ کا20 اپریل سے شروع ہونے والا دورہ نہ صرف دونوں ممالک کے باہمی تعلقات کو مزید استحکام دے گابلکہ اس دورے سے پاکستان میں معاشی انقلاب کا نیا آغاز بھی ہو گا۔اس موقع پر میئر ٹانگ زیانگ ژی نے کہا کہ چائنہ نے ہمیشہ پاکستان کی سلامتی ، خوشحالی اور استحکام کو اپنی ترجیحات میں اولین رکھا ہے اور وہ پاکستان کو معاشی طور پر ایک مضبوط ملک دیکھنے کا خواہاں ہے ۔