پاکستان کو امن کا گہوارہ بنانا ہے: گورنر پنجاب

لاہور (خبر نگار) گورنر پنجاب مخدوم سید احمدمحمود نے کہا کہ ملک کو امن کا گہوارہ بنانا ہے اور دنیا کو یہ پیغام دینا ہے کہ پاکستان ایک ایسا ملک ہے جہاں مذہبی رواداری ، اخوت ، بھائی چارے اور ایک دوسرے کے حقوق کی مکمل پاسداری کی جاتی ہے۔ دیال سنگھ ریسرچ اینڈ کلچرل فورم کے زیر اہتمام سکھ ورثے کے حوالے سے ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب نے کہا کہ حکومت کی یہ اولین ترجیح ہے کہ تمام اقلیتوں کے مقدس مقامات کی حفاظت اور تزئین و آرائش کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے پنجابی زبان بالخصوص سکھ مسلم ثقافت کی ریسرچ اور اسے فروغ دینے کے لےے دیال سنگھ ریسرچ اینڈ کلچرل فورم کی خدمات کو سراہا۔ ورلڈ مسلم سکھ فیڈ´ریشن کے چیئرمین سردار من موہن سنگھ نے کہاکہ پاکستانیوں نے ہمیشہ ہمیں پیار دیا اور ہم پاکستان کو اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں۔ پاکستان سکھ گردوارہ پربندھک کمیٹی کے سربراہ سردار شام سنگھ نے کہا کہ پاکستانی حکام کی ذاتی دلچسپی کی وجہ سے سکھوں کے گردواروں اور مذہبی مقامات کا خیال رکھا جاتا ہے۔ متروکہ وقف املاک بورڈ کے سیکرٹری خالد علی اور دیال سنگھ ریسرچ اینڈ کلچرل فورم کے ڈائریکٹر پروفیسراحسان ندیم نے بھی خطاب کیا۔ گورنر پنجاب نے اس موقع پر سکھوں کی ثقافت پر مبنی مختلف اشیاءکی نمائش کا افتتاح کیا جس میں سکھوں کی تاریخی اہمیت کی حامل نوادرات اور مختلف اداروں کی طرف سے مشترکہ طور پر بنائی جانے والی اشیاءکو رکھاگیا تھا۔