الیکشن کمشن اصغر خان کیس میں ملوث افراد کو الیکشن لڑنے سے روکے: عمر سرفراز چیمہ

الیکشن کمشن اصغر خان کیس میں ملوث افراد کو الیکشن لڑنے سے روکے: عمر سرفراز چیمہ

لاہور (سیف اللہ سپرا) تحریک انصاف کے مرکزی رہنما عمر سرفراز چیمہ نے کہا ہے کہ انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے بے یقینی پھیلانے والے عناصر کامیاب نہیں ہونگے، عوام کسی طور بھی انتخابات کا التوا قبول نہیں کرینگے۔ سٹیٹس کو کی حامی قوتیں تحریک انصاف کے سونامی سے خوفزدہ ہو کر صف بندی کر رہی ہیں لیکن عوام کو پتہ چل گیا ہے کہ اب مک مکا کی سیاست کا دور ختم ہونے والا ہے اور عوام ان انتخابات میں نوراکشتی کے چیمپئنز کو مسترد کرینگے۔ ملک اس وقت سنگین ترین بحران کا شکار ہے۔ پاکستان تحریک انصاف ملک میں پائی جانے والی لاقانونیت، بدامنی، بجلی کی لوڈشیڈنگ، مہنگائی اور بے روزگاری جیسے اہم مسائل کا حل اپنے منشور میں پیش کر چکی ہے اور انشاءاللہ بہت جلد پاکستان تحریک انصاف عوام کو ان مسائل سے چھٹکارا دلائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایوان وقت میں گفتگو کے دوران کیا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ شفاف انتخابات کرانے کیلئے الیکشن کمشن آزاد اور بااختیار ہونا ضروری ہے۔ ووٹر لسٹیں بھی بوگس ووٹوں سے پاک ہونی چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ نئے ووٹوں کے اندراج کے حوالے سے پاکستان تحریک انصاف نے فعال کردار ادا کیا ہے۔ جعلی ڈگری کیسز پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نااہل اور کرپٹ افراد کو الیکشن میں حصہ لینے کی اجازت نہیں ہونی چاہئے۔ الیکشن کمشن کو چاہئے کہ اصغر خان کیس میں ملوث افراد کو انتخابات میں حصہ لینے کی اجازت نہ دے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف انتخابات میں کلین سویپ کرے گی۔ تحریک انصاف میں اختلافات کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہر سیاسی جماعت میں اختلافات ہوتے ہیں اور یہ جمہوریت کا حصہ ہیں۔