لیسکو میں اوور لوڈنگ سسٹم ختم کرنے کیلئے انقلابی اقدامات کئے جا رہے ہیں: عبدالرحمن

لاہور (نیوز رپورٹر) لیسکو میں اوور لوڈ سسٹم ختم کرنے اور صارفین کو بجلی کی ٹرپنگ سے بچانے کیلئے چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر ارشد رفیق کی ہدایت پر آپریشن ڈائریکٹر لیسکو عبدالرحمن نے اقدامات تیز کر دیئے ہیں۔ اس حوالے سے نوائے وقت سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ڈائریکٹر لیسکو کا کہنا تھا کہ لیسکو میں تمام فیڈروں ‘ گرڈ سٹیشن اور اوورلوڈڈ ٹرانسفامرز کی رپورٹ ایس ای ‘ ایکسین اور ایس ڈی اوز سمیت دیگر فیلڈ افسران سے طلب کر لی ہے۔ اس حوالے سے انقلابی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ خراب اور پرانے ٹرانسفارمرز تبدیل کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اب لیسکو اوور لوڈ سسٹم کو جلدہی ختم کر دیا جائے گا۔ لوڈشیڈنگ کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ لیسکو کی حدود میں لوڈشیڈنگ کا مسئلہ کافی حد تک کم ہو گیا ہے۔ کسی بھی علاقے میں غیرعلانیہ لوڈشیڈنگ کا مسئلہ نہیں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ 2 روز سے لاہور‘ قصور‘ شیخوپورہ اور اوکاڑہ کے صارفین کو 24 گھنٹے بجلی فراہم کی گئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ صارفین بجلی کی قلت کو دیکھتے ہوئے موجودہ دنوں میں اے سی کا استعمال ختم کر دیں۔