سوئس مقدمات، ہائیکورٹ کے جسٹس خواجہ امتیاز کا مشرف، زرداری کیخلاف درخواست کی سماعت سے انکار

لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ کے مسٹر جسٹس خواجہ امتیاز نے سوئس مقدمات کے حوالے سے عدالتی احکامات پر عملدرآمد نہ کرنے پر سابق صدور پرویز مشرف، آصف علی زرداری اور سابق اٹارنی جنرل جسٹس ریٹائرڈ ملک قیوم کے خلاف کارروائی کے لئے دائر درخواست کی سماعت سے انکار کر دیا۔ درخواست گزار فیروز شاہ گیلانی نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ سابق صدر پرویز مشرف نے این آر او کا کالا قانون متعارف کرا کے سوئس مقدمات کو دبایا۔ انہوں نے کہا کہ سابق اٹارنی جنرل ملک قیوم نے عدالتی فیصلے کے برعکس سوئس حکام کو غیرقانونی طور پر خط لکھا جبکہ صدر زرداری نے بھی اپنے دور حکومت میں سوئس مقدمات کے حوالے سے سپریم کورٹ کے احکامات پر عمل درآمد نہ کرایا لہٰذا عدالت تینوں شخصیات کیخلاف کارروائی عمل میں لائے۔ جسٹس خواجہ امتیاز نے درخواست کی سماعت سے ذاتی وجوہات کی بنا پر انکار کرتے ہوئے معاملہ مزید سماعت کے لئے چیف جسٹس کو بھجوا دیا۔