-کسان اتحاد کا دوسرے روز بھی دھرنا، موٹروے بالک وزیراعلیٰ کی یقین دہانی پر احتجاج ختم
لاہور (کامرس رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ) کسان اتحاد نے وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے ملاقات کا وقت دینے پر گزشتہ رات 8 بجے کے قریب دھرنا ختم کرنے کا اعلان کردیا ۔ وزیراعلیٰ کی جانب سے کسان اتحاد کے عہدیداروں کو آج 11 بجے ملاقات کیلئے بلا لیا گیا جس کے بعد کسانوں نے ٹھوکر نیاز بیگ کو کلیئر کردیا۔ چیئرمین کسان اتحاد نے کہا کہ وزیراعلیٰ نے جائز مطالبات ماننے کا کہا ہے۔ قبل ازیں کسانوں کا دھرنا دوسرے روز بھی جاری رہا۔ کسانوں نے وزیر قانون رانا ثنا اللہ پر عدم اعتماد کرتے ہوئے ان کی یقین دہانی کو ماننے سے انکار کردیا اور آج پنجاب اسمبلی کی طرف مارچ کا اعلان کیا۔ کسانوں نے ملتان روڈ کے بعد موٹرویز بھی بلاک کر دی جس سے ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوگیا، منٹوں کا فاصلہ گھنٹوں میں طے ہوا۔ ٹریفک کا نظام درہم برہم ہونے سے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ کسان اتحاد کے صدر چودھری انور نے خصوصی گفتگو میں کہا کہ ہمارے سادے سے مطالبات ہیں۔ ہم جنوبی پنجاب میں بند کی گئی شوگر ملوں کو صرف ایک سال کیلئے چالو کرنے، کپاس کی سرکاری قیمت میں اضافہ اور بجلی کے ریٹوں میں کمی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسانوں کو سہولت دے دیں جائیں تو آج ٹماٹر کا یہ حال نہ ہوتا اور ملک میں ٹماٹر تین سو روپے کلو نہ بک رہا ہوتا۔