-رائیونڈ: خاتون نے بچے کو سڑک پر جنم دیدیا ایم ایس گائنا کالوجسٹ معطل
رائیونڈ+ لاہور (نامہ نگار+ خبر نگار+ خصوصی نامہ نگار+ کامرس رپورٹر) تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں لیڈی ہیلتھ ورکر کی مجرمانہ غفلت سے محنت کش کی حاملہ بیوی نے سڑک کے درمیان بچے کو جنم دیدیا، کھلے عام بیچ سڑک پر دائی کا کام شوہر کو کرنا پڑا۔ بچے کو جنم دینے کے بعد زچہ بچے کی پیٹ کیساتھ جڑی ناف کیساتھ ایک گھنٹہ بے یارومدد گار سڑک پر پڑی رہی۔ منظر دیکھ کر اردگرد کی ٹریفک جام ہوگئی۔ واقعہ کی خبر سن کر لاہور سے آنے والے ٹی وی چینلز کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں مگر شہریوں کے بار بار کال کرنے پر چند قدم کے فاصلے پر موجود ہسپتال کی ایمبولینس ڈیڑھ گھنٹہ کے بعد موقع پر آئی۔ وزیر اعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے شرمناک واقعہ پر ہسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر عامر مفتی اور گائناکالوجسٹ لیڈی ڈاکٹر عاصمہ کو معطل کرکے انکے کیخلاف انکوائری جبکہ ڈاکٹر عاصمہ سے 60 ہزار روپے خصوصی الائونس کی ریکوری کا بھی حکم دیا ہے اور لیڈی ہیلتھ ورکر سمیرا کو نوکری سے برخاست کرکے ہسپتال کا انتظام دوبارہ محکمہ صحت کے حوالے کردیا گیا۔ وزیر صحت خواجہ عمران نذیر اور وزیر اعلیٰ کے خصوصی مشیر چودھری حاد شکور موقع پر پہنچے اور سڑک پر بچے کو جنم دینے والی خاتون کے گھر بستی سلامت پورہ بھی گئے۔ تفصیلات کے مطابق یوسی بابلیانہ کی نواحی آبادی سلامت پورہ کا بھٹہ مزدور عامر اپنی حاملہ بیوی سمیرا کو صبح 6 بجے تحصیل ہسپتال لایا جہاں اس وقت لیڈی ڈاکٹر عاصمہ حسن معمول کی ڈیوٹی پر موجود نہ تھی ۔ حاملہ خاتون کو سمیرا رمضان لیڈی ہیلتھ ورکر نے چیک کیا جو کہ بعض اوقات میں نارمل ڈلیوری بھی کردیتی ہے اور وہ دو ڈلیوریاں کرچکی تھی۔ اس نے حسب معمول خاتون سے تازہ الٹر سائونڈ کی رپورٹ طلب کی تو خاتون نے کہا کہ وہ اپنے شوہر سے جو کہ ہسپتال کے گیٹ پر کھڑا ہے مشورہ کرکے واپس آتی ہے۔ خاتون نیچے اپنے شوہر کے پاس گئی اور کہا کہ سینئر لیڈی ڈاکٹر موجود نہیں، جس پر شوہر اسکو موٹر سائیکل پر بٹھا کر گھر لے جا رہا تھا کہ ایک فرلانگ کے فاصلے پر ہی اس کو ڈلیوری والی شدید دردیں شروع ہوگئیں جس پر شوہر نے ابھی اس کو موٹر سائیکل سے نیچے اتارا ہی تھا کہ اس نے سڑک پر ہی بچے کو جنم دیدیا۔ بعدازاں ایمبولینس پر اسکو ہسپتال لایا گیا اور اسکی مکمل ڈلیوری کی گئی ۔ ڈاکٹر عاصمہ کے بارے میں معلوم ہوا کہ وہ عرصہ دراز سے نائٹ ڈیوٹی پر تھیں لیکن ہسپتال نہیں آئیں۔ تنخواہ گھر بیٹھے وصول کررہی تھیں۔ صوبائی وزیر نے ریکارڈ طلب کرلیا ہے۔ علاوہ ازیں ڈپٹی کمشنر ڈی سی لاہور سمیر احمد سید نے رائے ونڈ میں تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال کے باہر بچہ جنم دینے کے واقعہ کا نوٹس لیتے انکوائری کمیٹی بنا دی ہے۔ کمیٹی 24گھنٹوں میں اپنی رپورٹ ڈپٹی کمشنر لاہور کو دیں گے۔ مزید برآں اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی میاں محمودالرشید نے سڑک پر خاتون کے ہاں بچے کی پیدائش پر توجہ دلائو نوٹس جمع کرادیا۔