اداروں سے الجھنے اور ٹکراؤ کی سیاست سسٹم کو نقصان پہنچائے گی: حمزہ شہباز شریف
لاہور(این این آئی‘ نوائے وقت نیوز) شہبازشریف، حمزہ شہباز اور مریم نواز کے درمیان 6 ماہ بعد اہم ملاقات ہوئی ۔ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب اور مریم نواز کے چچا شہبازشریف کے درمیان 6 ماہ بعد انتہائی اہم ملاقات ہوئی ہے جس میں شہبازشریف کے صاحبزادے حمزہ شہباز بھی موجود تھے۔ذرائع نے بتایا کہ ملاقات کے دوران نوازشریف کی ملک میں عدم موجودگی کے باعث سیاسی امور چلانے پر بات چیت کی گئی جب کہ اس موقع پر شہبازشریف نے مریم نواز کو مشورہ دیا کہ محاذ ارائی کی سیاست سے کوئی فائدہ نہیں ہوگا، اس لیے اداروں کے خلاف کوئی بھی بیان بازی نہ کی جائے اس سے نقصان ہوگا۔ذرائع کے مطابق اس اہم ملاقات میں حمزہ شہباز کو بھی شریک کرکے مریم اور حمزہ کے درمیان سرد جنگ ختم کرانے کی کوشش کی جار ہی ہے۔ دریں اثناء پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما اور ممبر قومی اسمبلی حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ اداروں سے الجھنے اور ٹکراؤ کی سیاست سسٹم کو نقصان پہنچائے گی اور اگر خدانخواستہ پاکستان کو نقصان ہوا تو ہم اپنے آپ کو معاف نہیں کرسکیں گے،دہشت گردی سمیت قومی مسائل سب کو مل کر حل کرنا ہیں ،مجھے اپنی فوج سے پیار ہے ، مجھے اپنی پولیس سے پیار ہے اور مجھے اپنی رینجرز سے پیار ہے ہم سب اکٹھے کام کریں گے تو کامیاب ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایوان اقبال میں آل پنجاب حسن قرات اور نعت خوانی کے پوزیشن ہولڈرز طلبا وطالبات میں تقریب تقسیم انعامات سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ حمزہ شہباز نے کہا کہ پاکستان کی عزت پر آنچ نہیں آنے دیں گے،عالمی سطح پر ملک کی ساکھ اور عزت منوائیں گے اور قومی معاملات پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔انہوں نے کہا کہ جمہوریت کا تسلسل ضروری ہے ، دہشت گردی پر قابو پانے اور لوڈشیڈنگ ختم کرنے سمیت اہم قومی مسائل کا حل جمہوریت کا ثمر ہے ۔انہوں نے کہا کہ باتوں سے محل نہیں بنتے اس کے لئے سولہ سولہ گھنٹے کام کرنا پڑتا ہے ، پالیسیوں کا تسلسل ہی اصل کامیابی ہے ، ہمیں سب کو ساتھ لے کر خدمت کے جذبے کے ساتھ کام کرنا چاہیے جو اصل عبادت ہے-حمزہ شہباز نے کہا کہ مصنوعی پن سیاست میں زیادہ دیر نہیں چل سکتا ، اللہ تعالی اپنے کرم سے نوازے تو مزید جھک جانا چاہیے - نوجوان نسل ہی پاکستان کا اصل مستقبل ہے اور قوم کے ان معماروں کو پاکستان کے محفوظ اور شاندار مستقبل کا فیصلہ کرنا ہے- الحمدللہ پنجاب میں بجلی کی پیداوار اور دیگر منصوبوں میں جس تیزی کے ساتھ کام ہوا ہے اس کی چین نے بھی تعریف کی ہے جبکہ پنجاب کو جنگلہ بس کا طعنہ دینے والے پشاور میں پانچ برسوں میں میٹروبس پر کام بھی شروع نہیں کرسکے-لاہور ، اسلام آباد اور ملتان میں میٹرو بس سروس کے بعد انشاء اللہ لاہور میں اورنج لائن ٹرین بھی چلے گی اور نیا دور شروع ہوگا-پنجاب کے تعلیمی شعبے کی کامیابیوں کا ذکر کرتے ہوئے حمزہ شہباز نے کہا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت لاکھوں طلبا وطالبات مستفید ہورہے ہیں جبکہ دانش سکولوں کے ذریعے معاشرتی تفاوت کے خلاف بھی کام کیا جارہا ہے اور غریب آدمی کا بچہ بھی ایچیسن کی طرز پر تعلیم حاصل کرتا ہے- انہوں نے کیش انعامات حاصل کرنے والے طلبا و طالبات کو مبارکباد دی اور ان میں انعامات تقسیم کئے-صوبائی وزیر ہائر ایجوکیشن سید رضا علی گیلانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی قوم کسی سے پیچھے نہیں اگر ہم ڈسپلن اور محنت کا عزم کرلیں تو آج بھی دنیا میں لوہا منوا سکتے ہیں۔
دریں اثناء ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے حمزہ شہباز نے کہا کہ اداروں میں ہم آہنگی پیدا کر کے الیکشن کی طرف جانا چاہئے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے صاحبزادے حمزہ شہباز نے بھی جلد الیکشن کے انعقاد کی حمایت کردی ہے حمزہ شہباز کا کہنا ہے کہ اداروں کے درمیان کسی قسم کا ٹکراو نہیں ہونا چاہئے شریف خاندان میں اختلافات کے حوالے سے حمزہ شہباز کا کہنا ہے کہ خاندان میں کوئی اختلافات نہیں ہیں تاہم سیاسی معاملات پر سب کی اپنی الگ رائے ہو سکتی ہے سیاسی معاملات پر اختلاف رائے کو اختلافات کا نام نہیں دیا جا سکتا۔ حمزہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ زمینی حقائق پر نوازشریف اور شہباز شریف کی سوچ میں فرق ہے کوشش کرونگا کہ انہیں اپنے والد کے موقف پر قائل کرلونگا۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ این اے 120 میں مریم نواز نے اچھے انداز سے مہم چلائی جس کی وجہ سے ن لیگ ضمنی الیکشن جیتنے میں کامیاب رہی۔