میڈیا مایوسی پھیلا رہا ہے، پاکستان میں بھی تبدیلی آئے گی: سیمینار

لاہور(سٹی رپورٹر) پاکستان میں اس وقت جو کچھ ہو رہا ہے اس میں گڈ گورننس نام کی کوئی چیز نظر نہیں آ رہی ہے ادارے مضبوط نہ ہونے کی بناءپر لوگوں میں اعتماد پیدا نہیں کر سکا ہے۔ ان خیالات کا اظہار حمید نظامی پریس انسٹیٹوٹ آف پاکستان میں ”اچھی حکمرانی کے معاملات۔ میڈیا کی ذمہ داریاں“ کے عنوان سے منعقد ایک روزہ سیمینار سے مقررین سابق وفاقی وزیر ایس ایم ظفر، سابق وزیر مملکت قیوم نظامی، تجزیہ کار روف طاہر اور سلمان عابد نے کیا۔ تقریب کے صدر ایس ایم ظفر نے کہا کہ پوری دنیا میں تبدیلی آ رہی ہے، پاکستان میں تبدیلی لازمی آئے گی میڈیا جاگتا رہے۔ سابق وزیر مملکت قیوم نظامی نے کہا میڈیا صرف مایوسی پھیلا رہا ہے اسے اچھی چیزوں کو بھی ہائی لائٹ کرنا چاہیے۔ تجزیہ کار سلمان عابد نے کہا پاکستان میں گڈ گورننس ہمیشہ سوالیہ نشان بنی رہی ہے۔ تجزیہ کار روف طاہر نے کہا اداروں کو مضبوط کرنے کی ضرورت ہے قبل ازیں ڈائریکٹر حمید نظامی پریس انسٹیٹوٹ آف پاکستان ابصار علی نے کہا سیاسی نعرے کے طور پر اچھی حکمرانی کا شور شرابا تشویشناک ہے۔