پیر مہر علی شاہ سچے عاشق رسولؐ تھے‘ فتنہ قادیانیت کا بھرپور مقابلہ کیا: مقررین
لاہور (پ ر) پیر سید مہر علی شاہؒ سچے عاشق رسولؐ تھے اورآپ نے فتنۂ قادیانیت کا بھرپور مقابلہ کیا۔آپ نے دین اسلام کیلئے اپنی زندگی کو وقف کر رکھا تھا۔ پیر سید مہر علی شاہؒ نے تحریک ختم نبوت میں جو قائدانہ کردار ادا کیا وہ تاریخ کا روشن باب ہے۔آج ہمیں پیرسید مہر علی شاہؒ کے پیغام کو صحیح معنوں میں سمجھنے کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کااظہار مقررین نے ایوان کارکنان تحریک پاکستان ، لاہور میں حضرت سیدنا پیر مہر علی شاہؒ کی یاد میں منعقدہ خصوصی تقریب کے دوران کیا۔اس تقریب کے مہمان خاص سجادہ نشین آستانۂ عالیہ گولڑہ شریف حضرت پیر سیدغلام معین الحق گیلانی تھے۔ تقریب کا اہتمام نظریۂ پاکستان ٹرسٹ نے تحریک پاکستان ورکرزٹرسٹ کے اشتراک سے کیا تھا۔ڈائریکٹر جنرل محکمۂ اوقاف حکومت پنجاب ڈاکٹر سید طاہر رضا بخاری نے کہا کہ پیر سیدنا مہر علی شاہؒ نابغۂ روزگار شخصیت تھے اور آپ کا علمی وروحانی مقام بہت بلند تھا۔آپ نے ہر میدان میں کمال کا مظاہرہ کیا اور نمایاں خدمات انجام دیں۔ممتاز دانشور ،کالم نگار اور ادیبہ بیگم بشریٰ رحمن نے کہا کہ پیر سید مہر علی شاہؒ اپنے نام اور کارناموں کی بدولت ہمیشہ لوگوں کے دلوں میں زندہ رہیں گے۔معروف ماہر قانون جسٹس(ر) نذیراختر نے کہا کہ سیدنا پیر مہر علی شاہؒ یکم رمضان المبارک 1275ہجری بمطابق 14اپریل 1859ء کو پیدا ہوئے اور88سال تک مہر منیر کی طرح اپنی روشنی بکھیرتے رہے۔سید ریاض الحسن گیلانی ایڈووکیٹ سپریم کورٹ نے کہا کہ پیر سیدنا مہر علی شاہؒ بہت بڑے عاشق رسولؐ، جلیل القدر عالم دین اور شیخ المشائخ تھے۔ آپ نے تمام مسالک کے علماء کو تحفظ ختم نبوت کے جھنڈے تلے جمع کر دیا۔ سیکرٹری نظریۂ پاکستان ٹرسٹ شاہد رشید نے کہا کہ پیر سیدنا مہر علی شاہؒ کے کردار وعمل نے اسلامیان ہند کے دلوں میں عشق مصطفیؐ کی شمع کو روشن کردیا۔آپ کی دینی خدمات اس قدر ہیں کہ ان کا احاطہ کرنا ممکن نہیں ہے۔اس نشست میں پیر سیدمعین الدین دیوان،سید اکبر شاہ، علماء و مشائخ سمیت آستانۂ عالیہ گولڑہ شریف سے عقیدت رکھنے والے خواتین و حضرات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ پروگرام کے آخر میں سجادہ نشین آستانۂ عالیہ گولڑہ شریف پیر سید غلام معین الحق گیلانی نے ملکی تعمیروترقی اور استحکام کیلئے خصوصی دعا کروائی۔