اقتدار نہیں قوم کا مستقبل محفوظ بنانے کی جنگ لر رہے ہیں، اللہ مشکلات حل کرے گا: نواز شریف
لاہور(خصوصی رپورٹر)سابق وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ وہ اپنے اقتدار کیلئے نہیں قوم کے مستقبل کو محفوظ بنانے کی جنگ لڑ رہے ہیں عوام کے حق حکمرانی کی جنگ جمہوریت کے استحکام کیلئے ہے،جمہوریت کی مضبوطی کے لیے پہلے بھی کردار ادا کیا آئندہ بھی کریں گے۔وہ گزشتہ روز ڈیفنس مسجد میں نمازجمعہ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرکر رہے تھے۔قبل ازیں وہ وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف کی رہائش گاہ ڈیفنس 270/R گئے اور انہیں ان کی صاحبزادی کی شادی پر مبارکباد دی۔ میڈیا اور کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا وہ تین مرتبہ ملک کے وزیراعظم رہے ہیں ۔ اب اقتدار کیلئے نہیں بلکہ پاکستان اور قوم کے مستقبل کو محفوظ بنانے کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا قوم سب کچھ دیکھ رہی ہے اور 2018 کے الیکشن میں اس صورت حال پر قوم کا ردعمل ساری دنیا دیکھے گی۔ آج کا پاکستان 2013 سے بالکل مختلف ہے۔ملک سے دہشتگردی،لوڈشیڈنگ اور افراتفری کامکمل خاتمہ کیا۔ کراچی اور بلوچستان میں گزشتہ چار سالوں میں مکمل امن وامان قائم کیا۔ جمہوریت کی مضبوطی کے لیے پہلے بھی کردار ادا کیااور آئندہ بھی کریں گے۔ سی پیک کا منصوبہ مکمل ہورہا ہے،کسی صورت ناکام نہیں ہونے دیں گے۔انہوں نے کہا 2013ء میں بھی عوام کی خدمت کی اور 2018ء میں بھی انشااللہ کریں گے۔ن لیگ نے کبھی پروپیگنڈا کی سیاست نہیں کی۔ہمیشہ فیصلے عوام کے وسیع تر مفاد میں کئے۔اللہ جلد ہماری مشکلات حل کرے گا۔