ملک دشمنوں کو شکست دینے کے لئے ہر محاذ پر متحد ہونا ہوگا: گورنر پنجاب
لاہور(خصوصی رپورٹر)گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ سے سابق گورنر خیبر پختون خواہ انجینئر شوکت اللہ خاں کے صاحبزادے نجیب اللہ خاں کی قیادت میں 17رُکنی وفد نے ملاقات کی۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ ملک دشمنوں کو ہر محاذ پر شکست دینے کے لئے ہم سب کو ہر محاذ پر قومی یکجہتی ، باہمی ہم آہنگی اور اجتماعی سوچ و فکر کا مظاہرہ کرناہو گا۔ دُنیا کی سب سے بڑی دہشت گردی کی جنگ پاکستان نے لڑی ہے اور لڑرہا ہے جس میں پاکستانی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ ساتھ پوری قوم کی قربانیاں شامل ہیں۔گورنر نے کہا کہ ضرب عضب اور آپریشن ردالفساد نے دہشت گردوں کی کمر توڑ دی ہے اور آج ہم پہلے سے کہیں زیادہ محفوظ ملک میں زندگی گزار رہے ہیں۔ دہشت گردی کے خاتمے اور امن و امان کے حوالے سے فاٹا کے عوام کی قربانیاں لائق تحسین ہیں۔ پاکستان ہم سب کا ہے اور ہم سب نے ہی اسے مل کر سنوارنا ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ موجودہ حکومت کے بنیادی مقاصد صرف اور صرف عوام کی ترقی اور خوشحالی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں شروع کیے گئے میگاپراجیکٹس پر تیزی سے کام جاری ہے جس کی جلد تکمیل سے یقینا عوام کی زندگی میں انقلاب برپا ہوگا۔