وزیراعلی شہباز شریف تعلیمی اداروں کی سکیورٹی بہتر بنانے کے انتظامات کی خود نگرانی کررہے ہیں

لاہور (خبرنگار) صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف تعلیمی اداروں کی سکیورٹی بہتر بنانے کے انتظامات کی خود نگرانی کر رہے ہیں۔ صوبہ بھر کے تعلیمی اداروں کی سکیورٹی کو فول پروف بنایا گیا ہے جس سے والدین وطالب علموں کو نیا اعتماد و حوصلہ ملا ہے۔ یہ بات انہوں نے اسلامیہ کالج کوپر روڈ برائے خواتین، اسلامیہ کالج ریلوے روڈ برائے بوائز اور سنٹر ماڈل سکول لوئر مال اور کیتھڈرل سکول کے اچانک دورہ کے دوران اساتذہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ان کے ہمراہ ای ڈی او ایجوکیشن، اے سی صدر لاہوراور دیگر افسران بھی موجود تھے۔ صوبائی وزیر کو کالج انتظامیہ نے بتایا کہ دہشت گردی کے کسی بھی ممکنہ واقع سے نمٹنے کے لئے حفاظتی انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔ مین گیٹس پر واک تھرو گیٹس، میٹل ڈی ٹیکٹرز سے مکمل تلاشی، سی سی ٹی وی کیمرے کے ذریعے چیکنگ، کنٹرول روم کا قیام، سکیورٹی گارڈز کو بھی تعینات کر دیا گیا ہے۔