حکومت نے بے حسی، نااہلی کے تمام ریکارڈ توڑ دیئے:اعجاز چودھری

لاہور(خبر نگار)پاکستان تحریک انصاف پنجاب کے صدر اعجازاحمد چودھری نے کہا ہے کہ صوبے بھر سے پی ٹی آئی کے عہدیداران اور کارکنان آج اسلام آباد دھرنا کنونشن میں بھرپور شرکت کریںگے۔ پی ٹی آئی کے کارکنان پہلے سے زیادہ پُرعزم ہیں، قافلے ضلعی صدور کی قیادت میں اسلام آباد پہنچیںگے، تحریک انصاف دھاندلی کی تحقیقات ، انتخابی اصلاحات اور انصاف کے حصول تک اپنی پُرامن جدوجہد جاری رکھے گی، وہ پارٹی آفس میں ضلعی صدر منڈی بہاﺅالدین فیصل مختار گوندل ، ارشد تارڑ ، شہزاد راحیل ، محمد اشرف چدھڑ اور عظیم سندھو کی قیادت میں ملنے والے وفد سے گفتگو کررہے تھے۔ انہوں نے مزید کہاکہ موجودہ حکومت نے نااہلی اور بے حسی تمام سابقہ ریکارڈ توڑ دیئے ہیں ، حکومت اور وزارت پٹرولیم کی مجرمانہ غفلت کی وجہ سے عوام پٹرول کے لئے مارے مارے پھر رہے ہیں ، تجربہ کار ٹیم کا دعوی کرنے والی (ن) لیگ کی حکومت کی مایوس کن کارکردگی کا پول قوم کے سامنے کھل کر آگیا ہے۔