بابائے صحافت مولانا ظفر علی خاں کا 142 واں یوم ولادت آج منایا جائےگا، ایوان کارکنان تحریک پاکستان میںکل تقریب ہو گی

لاہور (پ ر) تحریک پاکستان کے عظیم رہنما بابائے صحافت مولانا ظفر علی خاں کا 142 واں یوم ولادت آج پورے ملک میں عزت واحترام سے منایا جا رہا ہے۔ اس سلسلے میں کرم آباد (وزیر آباد) مولانا کے مزار اور ٹرسٹ کے لاہور دفتر میں چراغاں کیا گیا۔ مولانا کے مزار واقع کرم آباد پر آج بروز اتوار ایک پروقار تقریب کا اہتمام کیا گیا ہے۔ مزار پر چیئرمین ٹرسٹ خالد محمود، مجیب الرحمان شامی اور ممبران کی طرف سے پھولوں کی چادر چڑھائی جائے گی۔ یوم ولادت کے سلسلے میں ٹرسٹ کے لاہور آفس میں گذشتہ شام ملک کے نامور مصنف، نقاد اور پروفیسر اعجاز انور نے مولانا کی نادر تصاویر کی ایک نمائش کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری ٹرسٹ راجہ اسد علی خاں، پروفیسر جاوید صدیق، حاجی ملک منیر احمد، طارق سعید، ضمیر عالم خاں، توصیف احمد رضوی اور محمد علی چراغ موجود تھے۔ لاہور میں بابائے صحافت مولانا ظفر علی خاں کے یوم ولادت کے سلسلہ میں ایوان کارکنان تحریک پاکستان میں بھی کل تقریب ہو گی۔