سانحہ کوٹ رادھا کشن: عدالت نے ملزموں کی ضمانت کیلئے درخواستیں خارج کردیں
لاہور (اپنے نامہ نگار سے) انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں سانحہ کوٹ رادھاکش میں ملوث ملزموں کی طرف سے دائر ضمانت کی درخواستیں خارج کردی گئیں۔ گذشتہ سماعت پر ملزموں کی طرف سے کمال چغتائی ایڈووکیٹ پیش ہوئے۔ انہوں نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ واقعہ کی اطلاع دینے والے افراد کو ہی پولیس نے مقدمے میں نامزد کر کے گرفتار کرلیا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کو واقعہ کی اطلاع دینے والے ملزموں کے موبائل کا ریکارڈ عدالت میں طلب کیا جائے اور اس ریکارڈ کی روشنی میں ملزموں کی درخواست ضمانت منظور کی جائے۔ سرکاری وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ کوٹ رادھا کشن واقعہ کی سنگینی کے پیش نظر ضمانت منظور نہ کی جائے۔ کیس کی سماعت کے بعد فاضل عدالت نے سانحہ کوٹ رادھا کشن واقعہ کے 6 ملزمان کی طرف سے دائر ضمانت کی درخواستیں خارج کردیں۔