’’قوم دہشت گردوں کے سامنے نہیں جھکے گی، اتحاد ویکجہتی سے دشمنوں کے عزائم ناکام بنا دینگے‘‘
لاہور (خصوصی رپورٹ) سانحۂ پشاور ایک قومی المیہ ہے۔132بچوں سمیت 141افراد کی شہادت نے ہر پاکستانی کو اشکبار کردیا ہے۔ سفاک دہشت گردوں کی طرف سے پھول جیسے بچوں کے قتل عام کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ ایوان کارکنان تحریک پاکستان لاہور میں اس سانحہ کی مذمت کی گئی اور شہداء کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی۔اس حوالے سے سابق صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان و چیئرمین نظریۂ پاکستان ٹرسٹ محمد رفیق تارڑ،تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ کے چیئرمین کرنل(ر) ڈاکٹر جمشید احمد ترین،نظریۂ پاکستان ٹرسٹ کے وائس چیئرمین ڈاکٹر رفیق احمد،چیف جسٹس(ر) میاں محبوب احمد،جسٹس(ر) آفتاب فرخ، چیف کوآرڈی نیٹر میاں فاروق الطاف،سجادہ نشین آستانۂ عالیہ چورہ شریف حضرت پیر سید محمد کبیر علی شاہ،بیگم مہناز رفیع،چوہدری نعیم حسین چٹھہ،ولید اقبال ایڈووکیٹ ،پروفیسر ڈاکٹر پروین خان،ڈاکٹر ایم اے صوفی، نظریۂ پاکستان فورم برطانیہ کے صدر ملک غلام ربانی، معروف کالم نگاراثر چوہان، سجادہ نشین آستانہ عالیہ شرقپور شریف پیر ولید احمد جواد شرقپوری، صوبائی پارلیمانی سیکرٹری رانا محمد ارشد،مولانا محمد شفیع جوش ، انجینئر محمد طفیل ملک اور نظریۂ پاکستان ٹرسٹ کے سیکرٹری شاہد رشیدنے سانحۂ پشاور کیخلاف یوم سوگ کے موقع پر شہید بچوں کے والدین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ابتلا کی اس گھڑی میں پوری قوم ان کے ساتھ ہے۔ پاکستانی قوم دہشت گردی کے عفریت کے سامنے نہیں جھکے گی اور اپنے اتحاد و یکجہتی کے ذریعے دشمنوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنا دے گی۔انہوں نے حکومت پر زور دیا گیا کہ وہ آپریشن ضرب عضب میں مزید تیزی لائے۔