جنگی ٹیکنالوجی میں ترقی کے باوجود سپاہی کی جسمانی فٹنس کی اہمیت کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا: جنرل کیانی

لاہور (اے پی اے) چیف آف آرمی سٹاف جنرل اشفاق پرویز کیانی نے کہا ہے کہ جنگی ٹیکنالوجی میں ترقی کے باوجود سپاہی کی جسمانی فٹنس کی اہمیت کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔ بدھ کو بری فوج کے سربراہ جنرل اشفاق پرویز کیانی نے لاہور گریژن کا دورہ کیا اور پاک فوج کی جسمانی فٹنس اور جنگی صلاحیت کے نئے نظام کے دوسرے پروگرام میں شرکت کی۔ جنرل اشفاق پرویز کیانی نے پروگرام میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والوں میں انعامات بھی تقسیم کئے۔ فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق فوجیوں کی جنگی صلاحیت، جسمانی فٹنس کا پروگرام دو سال سے کامیابی سے جاری ہے اور رواں سال کے لئے آرمی ائیر ڈیفنس کمانڈ فاتح فارمیشن قرار پائی ہے۔