ڈینگی وائرس کے خاتمے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لا رہے ہیں: حمزہ شہباز

لاہور (خصوصی رپورٹر) ممبر قومی اسمبلی حمزہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ ڈینگی وائرس کا مقابلہ کرنے کیلئے پنجاب حکومت اپنے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے اور یہ وقت سیاسی پوائنٹ سکورننگ کا نہیں بلکہ ہم سب کو اپنی اپنی جگہ کردار ادا کرتے ہوئے اس بیماری کا مقابلہ کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے جنگی بنیادوں پر اقدامات اٹھاتے ہوئے بیرون ملک سے ماہرین کو لاہور بلایا ہے اور ان کی رہنمائی میں ہمیں اس مرض پر مستقل بنیادوں پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔ وہ فیملی فزیشن ایسوسی ایشن کی جانب سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کر رہے تھے۔ جس میں سری لنکا سے آئی ہوئی طبی ماہرین کی 12 رکنی ٹیم نے خصوصی طور پر شرکت کی اور پرائیویٹ پریکٹس کرنے والے ڈاکٹروں اور جنرل پریکٹشنرز کے سوالوں کے جواب دیئے اور انہیں ڈینگی وائرس اور ڈینگی بخار کے مریضوں کے بارے میں سری لنکا میں ہونے والی تحقیق اور تجربے سے آگاہ کیا۔