لاہور: دولت مشترکہ کھیلوں میں گولڈ میڈل جیتنے والے ریسلرز کا شاندار استقبال

لاہور (سٹاف رپورٹر) 19ویں دولت مشترکہ کھیلوں میں گولڈ میڈل جیتنے والے پاکستانی ریسلرز اور دیگر کھلاڑی گذشتہ شام لاہور پہنچ گئے۔ علامہ اقبال انٹرنیشنل ائرپورٹ پر بھارت سے کامیاب لوٹنے والے ریسلرز اظہر حسین اور محمد انعام کا والہانہ استقبال کیا گیا اور انہیں پھولوں کے ہاروں سے لاد دیا گیا۔ اس موقع پر استقبال کے لئے آنے والوں نے ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے اور پاکستان اور آرمی کے حق میں نعرے بازی کی۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گولڈ میڈلسٹ ریسلرز محمد انعام اور اظہر حسین نے کہاکہ قوم کی دعاﺅں سے ہم بھارتی سرزمین پر سبزہلالی پرچم لہرانے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ یہ کامیابی انکے والدین کی دعاﺅں اور کوچز کی شبانہ روز محنت کا نتیجہ ہے۔