گوجرانوالہ: ایک کروڑ چھین لئے، شیخوپورہ میں مزاحمت پر ایک شخص قتل، لاہور میں بھی ڈاکے

لاہور + شیخوپورہ + گوجرانوالہ + گکھڑ منڈی (نامہ نگاران + نامہ نگار خصوصی + نمائندہ خصوصی) لاہور کے مختلف علاقوں میں لاکھوں کے ڈاکے، شیخوپورہ میں مزاحمت پر ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔ ڈاکوؤں نے ماڈل ٹائون میں کار سوار کاشف اور اسکے اہلخانہ سے8 لاکھ روپے، مصری شاہ میں کار سوار سرفراز اور اس کی فیملی سے 5 لاکھ روپے، ہربنس پورہ میں آمنہ سے 3 لاکھ روپے مالیت کی نقدی، طلائی زیورات اورموبائل فون لوٹ لئے۔ڈاکوؤں نے نواب ٹائون میں ریحان سے 1لاکھ 50 ہزار روپے اور لیپ ٹاپ، غالب مارکیٹ میں الیاس سے 1لاکھ 70ہزار روپے اور موٹر سائیکل، جوہر ٹائون میں پرویز سے 1لاکھ روپے اور رکشہ، شاہدرہ میں نوید سے 1لاکھ روپے اور موٹر سائیکل، گلشن اقبال میں آفتاب سے 95 ہزار روپے اور موبائل فون، مزنگ میں اکمل کی دکا ن سے 90ہزار روپے ماور لائسنسی پسٹل لوٹ لیا۔چوروں نے ڈیفنس اے سے شعیب، گلبرگ سے صفیہ، نواں کوٹ سے صدیق، فیصل ٹائون سے ناصر کی کاریں جبکہ ریس کورس سے سرفراز، اسلام پورہ سے ساجد، لوئر مال سے نعیم، نواب ٹائون سے صدام، اچھرہ سے عرفان اور وقاص، کاہنہ سے بشیر، نصیر آباد سے غلام مرتضیٰ، ہربنس پورہ سے اعجاز، ساندہ سے عقیل کی موٹر سائیکلیں چوری کر لیں۔شیخوپورہ کے گردونواح میں ڈکیتی کی وارداتوں میں مزاحمت پر ایک شخص جاں بحق ایک زخمی جبکہ ایک ڈاکو بھی زخمی ہو گیا تاہم اس کے ساتھی اسے اٹھا کر لے گئے۔ پولیس نے تفتیش شروع کر دی ہے۔ محلہ رام گڑھا میں دن دیہاڑے 4 ڈاکوئوں نے راہ چلتی 2خواتین کو روک کر ان سے نقدی زیورات وغیرہ لوٹنا شروع کئے تو ایک شخص عبدالرئوف نے مزاحمت کی تو ڈاکوئوں نے فائرنگ شروع کر دی جس سے عبدالرئوف موقع پر ہلاک ہوگیا۔ ڈاکوئوں کی اپنی فائرنگ سے ان کا ایک ساتھی بھی زخمی ہوا۔ تھانہ بھکھی کے علاقہ واربرٹن روڈ پر 2موٹرسائیکل سوار ڈاکوئوں نے حاجی محمد کو گولی ماردی، زخمی حالت میں میو ہسپتال ریفر کر دیا گیا ہے۔ تھانہ بی ڈویژن کے علاقہ ریلوے روڈ کپڑے کی دکان پر 3ڈاکو اعظم سے 75ہزار روپے چھین کر فرار ہو گئے کرلکے منارہ کے قریب 3ڈاکوئوں نے اعجاز سے موٹرسائیکل نمبری 1229نقدی اور موبائل فون چھین لیا۔ تھانہ فیکٹری ایریا کے علاقہ پھول منڈی کے قریب 2 ڈاکوئوں نے صغیر احمد سے75 ہزار چھین لئے۔ گکھڑ منڈی میں پیپلزپارٹی گوجرانوالہ کے ڈویژنل صدر کے چچا محمد احسن سماں کے گھر دن دیہاڑے 40 لاکھ روپے مالیت کا ڈاکہ،سات ڈاکوان کے گھر سے 60 تولے زیورات، 5 لاکھ نقد، 2 امریکن گن 2 پسٹل لوٹ کر فرار ہوگئے۔ چودھری اعجاز سما کے چچا چوہدری احسن سما جو وزیرآباد کے علاقہ نصیر کالونی میں رہائش پذیر ہیں کے گھر میں دن 1 بجے 7 ڈاکو ان کے گھر میں گُھس آئے اور تمام اہل خانہ کو گن پوائنٹ پر ایک جگہ اکٹھا کر لیا۔ ڈاکوئوں نے آہنی الماری سے 60 تولے زیورات، 5لاکھ روپے نقدی، 2 امریکن گن اور2 پستول نکال لئے اور تمام گھر والوں کو ایک کمرے میں بند کر کے فرار ہو گئے۔پولیس تھانہ صدر نے موقع پر پہنچ کر تفتیش شروع کر دی۔ گوجرانوالہ میں شاہین آباد کے قریب کار سوار ڈاکو بنک سے رقم لیکر جانے والے شہری سے ایک کروڑ روپے لوٹ کر فرار ہوگئے، بینکہ چیمہ کا اشفاق چیمہ جی ٹی روڈ پر واقع نجی بنک سے ایک کروڑ روپے نقدی نکلوا نے کے بعد گاڑی میں سوار ہو کر جا رہا تھا، پیچھے سے آنے والی کار میں سوار چار ڈاکوئوں نے اسے روک لیا اور ایک کروڑ روپے لوٹ کر فرار ہو گئے تاہم دھلے پولیس نے درخواست موصول ہونے پر کاروائی شروع کر دی ہے۔