کراچی ایئرپورٹ پر شہید ہونیوالے سارجنٹ کی بیوہ کو گھر اور 10 لاکھ کا چیک دیدیا گیا

لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی طرف سے کراچی ایئرپورٹ حملے میں صادق آباد کے رہائشی ایئرپورٹ سکیورٹی فورس کے سارجنٹ عبدالمالک شہید کی بیوہ کو آشیانہ ہائوسنگ سکیم میں ایک گھر اور 10 لاکھ روپے کا امدادی چیک دے دیا۔ صوبائی وزیر صنعت وتجارت پنجاب چودھری محمد شفیق نے وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی ہدایت پر شہید عبدالمالک کے گھر جا کر آشیانہ ہائوسنگ اسکیم میں مکان کے الاٹمنٹ آرڈر اور 10 لاکھ روپے کا امدادی چیک شہید کی بیوہ کے حوالے کیا اور  وزیراعلیٰ پنجاب کا خط شہید کے ورثاء کو پڑھ کر سنایا۔ خط میں وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے سوگوار خاندان سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملک و ملت کے لیے جو لوگ اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرتے ہیں انہیں قوم ہمیشہ یاد رکھتی ہے۔ ہمیں شہید عبدالمالک کی شہادت پر فخر ہے۔