پولیس رویئے سے دلبرداشتہ گوجرانوالہ کی خاتون کی پنجاب اسمبلی کے سامنے خودسوزی کی کوشش، پولیس نے گرفتار کرلیا

لاہور (سٹاف رپورٹر) پولیس روئیے سے دلبرداشتہ گوجرانوالہ کی رہائشی خاتون کی پنجاب اسمبلی کے سامنے خودسوزی کی کوشش، پولیس نے خاتون کو حراست میں لے لیا جبکہ بعد میں گوجرانوالہ پولیس خاتون کو گرفتار کرکے گوجرانوالہ لے گئی۔ معلوم ہوا ہے موڑ ایمن آباد گوجرانوالہ کے شکیل اور اسکی بیوی فوزیہ کا مالک مکان سے جھگڑا چل رہا تھا جس پر پولیس نے مقدمات درج کئے اور تفتیش شروع کر دی جبکہ متاثرہ میاں بیوی کا کہنا تھا پولیس جانبداری سے کام لے رہی ہے اور صلح کیلئے دبائو ڈال رہی ہے۔ پولیس روئیے سے دلبرداشتہ ہو کر خاتون فوزیہ نے پنجاب اسمبلی کے باہر خود پر تیل چھڑک کر آگ لگانے کی کوشش کی جسے موجود افراد نے ناکام بنا دیا۔ پولیس کے مطابق خاتون کیخلاف گوجرانوالہ میں مقدمہ درج ہے وہاں سے لیڈیز پولیس منگوائی گئی اور خاتون کوگوجرانوالہ پولیس گرفتار کرکے لے گئی ہے ۔