میٹرو بس کو مزید کامیاب بنانے کیلئے دریائے راوی پر نیا پل تعمیر کرنے کا فیصلہ

لاہور(سٹی رپورٹر) حکومت پنجاب نے گجومتہ تا شاہدرہ چلنے والی میٹرو بس منصوبے کو مزید کامیاب بنانے کے لیے دریائے راوی پر نیا پل تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ منصوبے کا ابتدائی تخمینہ 77 کروڑ روپے لگایا گیا ہے جبکہ مالی سال 2014-15ء میں منصوبے کے لئے 30 کروڑ روپے جاری کئے جائیں گے۔ پنجاب حکومت اور ترکی کے تعاون سے بننے والی 27 کلو میٹر لمبی میٹرو بس سروس کی گاڑیوں کو دریائے راوی پر پل نہ بننے کی وجہ سے پرانے پل سے عام گاڑیوں کے ساتھ گزارہ جا رہا ہے۔ حکومت پنجاب نے میٹرو بس کے لیے دریائے راوی پر نیا پل بنانے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ شاہدرہ پہنچنے والے مسافروں کو کسی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ حکومت پنجاب کے تعاون سے جلد راوی پل کا پی سی ون اور بنا کر تعمیر کا کام شروع کر دیا جائے گا۔ حکومت پنجاب نے نئے مالی سال کے بجٹ میں راوی پل پر بننے والے نئے پل کے منصوبے کی منظوری دے رکھی ہے جس پر 77 کروڑ روپے کا ابتدائی تخمینہ لگایا گیا ہے۔