غیر ملکی سرمایہ کار پاکستان سے نکل جائیں، آپریشن کا ردعمل اسلام آباد اور لاہور کے ایوانوں میں محسوس ہو گا: طالبان

غیر ملکی سرمایہ کار پاکستان سے نکل جائیں، آپریشن کا ردعمل اسلام آباد اور لاہور کے ایوانوں میں محسوس ہو گا: طالبان

پشاور (اے ایف پی+ این این آئی+ آئی این پی) شمالی وزیرستان میں فوجی آپریشن کے آغاز کے ایک روز بعد سنگین نتائج کی دھمکیاں دیتے ہوئے کالعدم تحریک طالبان پاکستان نے غیرملکی فرموں کو خبردار کیا ہے کہ وہ پاکستان سے نکل جائیں۔ تحریک طالبان کے ترجمان شاہد اللہ شاہد نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ہم تمام غیرملکی سرمایہ کاروں، ائرلائنز اور ملٹی نیشنل کارپوریشنز کو خبردار کرتے ہیں کہ وہ پاکستان میں جاری اپنے آپریشنز فوری طور پر معطل کریں اور پاکستان سے جانے کی تیاری کریں ورنہ وہ اپنے نقصانات کے ذمہ دار خود ہونگے۔ انہوں نے کہاکہآپریشن کے آغاز کے بعد حکومت کے ساتھ مکمل مقابلے کا اعلان کرتے  ہیں، ملک بھر میں سرکاری تنصیبا ت اور اداروں کو ہد ف بنائیں گے، قبائلی علاقوں میں تمام تر نقصان کی ذمہ دار نواز شریف حکومت اور پنجابی اسٹیبلشمنٹ ہے، طالبان انہیں نشان عبرت بنائیں گے، آپریشن کا ردعمل اسلام آباد اور لاہور کے ایوانوں کو جلاکر راکھ کر دیگا اور حکمران ایک دن پھر مذاکرات کی خواہش کرینگے مگر اس وقت بہت دیر ہوچکی ہوگی۔ نامعلوم مقام سے میڈیا کو جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ حکومت نے عوام کی امن کی خواہش خاک میں ملاتے ہوئے   مغربی آقائوں کے اشارے پر شمالی وزیرستان میں ضرب عضب کے نام سے  فوجی آپریشن کا آغاز کیا ہے  اس اعلان کے بعد اب طالبان  اور حکومت پورے ملک میں ایک دوسرے کے مد مقابل ہیں۔ پاکستان بھر میں کوئی بھی اہم حکومتی تنصیب یا ادارہ  ہمارا  ہدف بن سکتا ہے، یہ بات سبھی پر واضح ہے کہ غیرملکی سرمایہ کاروں کی سرگر میوں اور تجارت سے حاصل ہونے والا سرمایہ مظلوم قبائلی عورتوں اور بچوں پر آتش و آہن بن کر گرتا ہے۔ تحریک طالبان  پاکستانی مسلمانوں کی تباہی کے ذمہ دار ایسے کسی بھی ادارے کو ہرگز معاف نہیں کریگی۔ ہم اس آپریشن اور اس کے نتیجے میں قبائلی مسلمانوں کے جان و مال کے نقصان کا تما م تر ذمہ دار نوازشریف حکومت اور پنجاب اسٹیبلثمنٹ کو سمجھتے ہیں۔ ان ظالموں کی چنگل سے نجات اور آزادی کے لئے ہم تمام بلوچ، سندھی، پختون اور اسلام پسند پنجابی مسلمانوں کو ایک ہونے کی دعوت دیتے ہیں۔ شاہد اللہ شاہد نے کہاکہ  ہم حکمرانوں پر یہ بات بھی واضح کرتے ہیں کہ مجاہدین کے خاتمے کا خواب لے کر جس آپریشن کا آغاز تم قبائلی بچوں کے قتل سے کر رہے ہو وہ  آج سے کچھ عرصہ بعد اسلام آباد اور لاہور میں تمہارے ایوانوں کو جلا کر راکھ کر رہی ہو گی۔ ہم اللہ کی مدد اور نصرت سے واضح طور پر دیکھ رہے ہیں کہ تم دنیا کے لئے ایک تماشہ بن چکے ہونگے۔