ایل ڈبلیو ایم سی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا اجلاس‘ نئے پروجیکٹس کی منظوری

لاہور(خبر نگار)لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی (ایل ڈبلیوایم سی) کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا تیسواں اجلاس کمپنی چیئرمین خواجہ احمد حسان کی زیرِ صدارت منعقد ہوا جس میںمالی سال 2014-15 کے لیے نئے پروجیکٹس کی منظوری دی گئی۔ نئے مالی سال میں متوقع طور پر شروع کئے جانے والے نئے پروجیکٹس  میں ہاسپٹل ویسٹ مینجمنٹ پروجیکٹ کے لیے 46 کروڑ روپے، لاہور کی دیہی یونین کونسلوں میں 6عدد بائیو گیس پلانٹس کی تنصیب کے لیے 8کروڑ روپے اور کنسٹرکشن اینڈ ڈیمولیشن ویسٹ مینجمنٹ پروجیکٹ کے لیے 17کروڑروپے ‘ محمود بوٹی پر قائم پرانی ڈمپ سائٹ کے خاتمے اور اسے خوبصورت پارک میں بحال کرنے کی مد میں بھی 40کروڑ روپے ‘ تقریباً 2 ارب روپے ملازمین کی تنخواہوں اور 4 ارب 36کروڑ روپے انٹرنیشنل کنٹریکٹرز کو ادائیگی کی مدمیں مختص کرنے کی منظوری دی ۔ایل ڈبلیوایم سی کی طرف سے سینیٹری لینڈ فل سائٹ کی جاری تعمیر اور متوقع آپریشنز کی مد میں بھی 1 ارب 59کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں۔