علماء کے متفقہ فتویٰ سے دہشتگردی کے خاتمے میں مدد ملے گی: حافظ سعید
لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعۃ الدعوۃ پاکستان حافظ محمد سعید نے دہشت گردی کیخلاف علماء کے فتویٰ کی تائید و حمایت کرتے ہوئے کہاکہ ملک بھر کے علماء کرام کے اس متفقہ فتویٰ سے دہشت گردی ختم کرنے میں مدد ملے گی۔ مسلمانوں پر کفر کے فتوے لگا کر قتل و غارت گری کرناجہاد نہیں فساد ہے۔ دشمن کیخلاف قتال کا اعلان ریاست ہی کر سکتی ہے‘ تمام مکاتب فکر کے علماء کرام میں اس مسئلہ پر مکمل اتفاق رائے پایا جاتا ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ فتنہ تکفیر‘ خارجیت سے امت مسلمہ کو شدید نقصان پہنچا۔ جماعۃ الدعوۃ نے سب سے پہلے ملک میں خود کش حملوں اور دھماکوں کی مذمت کی، اس سلسلہ میں ملک گیر سطح پر بھرپور مہم چلائی گئی۔ علماء کرام کو جدید مسائل اور فتنوں کو مدنظر رکھتے ہوئے مسلم امہ کی رہنمائی کرنی چاہیے۔ اس سلسلہ میں پیغام پاکستان کے نام سے جو متفقہ فتویٰ جاری کیا گیا ہے یہ وقت کی اہم ضرورت تھی۔ حافظ محمد سعید نے کہاکہ پیغام پاکستان فتویٰ ہمارے موقف کی تائید ہے۔ جماعۃ الدعوۃ ہر قسم کی انتہاپسندی، تشدد اور مسلمانوں پر کفر کے فتوے لگا کر قتل و غارت گری کیخلاف ہے۔ تمام مکاتب فکر کا متفقہ فتویٰ خوش آئند اور پوری قوم کی آواز ہے۔