نمائندہ نوائے وقت اوکاڑہ حا فظ حسنین رضا چار مقدمات میں بری
لاہور (خصوصی رپورٹر) نمائندہ نوائے وقت اوکاڑہ حافظ حسنین رضا کو چار مقدمات میں بھی بری کر دیا گیا جبکہ تین مقدمات سے انجمن مزارعین کے مرکزی عہدیداران بھی بری ہو چکے، ملزمان پر بھتہ خوری اور روڈ بلاک کی دفعات کے تحت مقدمات درج کئے گئے تھے۔ روڈ بلاک کے مقدمہ میں 96نامزد لیکن پونے دو سال سے صرف نوائے وقت کے نمائندہ کو گرفتار کیا گیا جو تاحال جیل میں ہی ہے جبکہ نمائندہ اس روز اپنے مرحوم والد کی برسی تقریبات میں مصروف تھا۔ تفصیلات کے مطابق ملک شبیر حسین اعوان انسداد دہشت گردی ساہیوال کی عدالت نے نوائے وقت کے اوکاڑہ میں نمائندہ حافظ حسنین کو چار مقدمات میں سے بری کر دیا ہے لیکن ابھی تک جیل میں ہی ہے۔ تھانہ کینٹ اوکاڑہ میں درج مقدمہ نمبر233/16,234/16,237/16 میں حافظ حسنین رضا، انجمن مزارعین کے صدر خوشی محمد ڈولہ اور جنرل سیکرٹری مہر عبدالستار پر الزام عائد کیا گیا تھا کہ وہ ناجائز طورپر لوگوں سے بھتہ وصول کرتے ہیں جبکہ مقدمہ نمبر 114/16جوکہ تھانہ کینٹ میں درج کیا گیا تھا، میں حافظ حسنین رضا پر الزام عائد کیا گیا کہ اس نے روڈ بلاک کیا، آگ لگائی اور کلاشنکوف کا استعمال کر کے دہشت پھیلائی۔ اس مقدمہ میں پولیس نے 96ملزمان کو نامزد کیا جب کہ 18/19نامعلوم تھے۔ گرفتاری صرف نمائندہ نوائے وقت حافظ حسنین رضا کی عمل میں لائی گئی تھی جو ابھی تک جیل میں ہی ہے۔