لاہور کا جلسہ شہباز شریف کی رخصتی کا باعث بنے گا: آصف زرداری
لاہور(نوائے وقت نیوز) سابق صدر آصف زرداری نے کہا ہے کہ ماڈل ٹاؤن کے شہیدوں کا خون رائیگاں نہیں جائیگا۔لاہور پہنچنے پر بلاول ہاؤس میں آج کے احتجاج کے حوالے سے مشاورتی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے آصف زرداری نے کہا ہے کہ پولیس گردی اور جبر پر مبنی شریفوںکا اقتدار آخری ہچکولے لے رہا ہے، لاہور کا جلسہ شہباز شریف کی رخصتی کا باعث بنے گا جب کہ ماڈل ٹاؤن کے شہیدوں کا خون رائیگاں نہیں جائیگا اور شریفوں کو اقتدار چھوڑنا پڑیگا۔ علاوہ ازیں پی پی رہنما قمر زمان کائرہ نے انتظامات کے حوالے سے بریفنگ دی۔آصف زرداری نے ہدایت کی کہ لاہور اور پنجاب کے جیالے بہت بڑی تعداد میں جلسہ گاہ پہنچیں۔ آصف زرداری سے یوسف گیلانی اور مخدوم احمد محمود نے بھی ملاقات کی۔علاوہ ازیں آصف زرداری نے بھارتی فوج کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر بلااشتعال فائرنگ کی شدید مذمت کی ہے۔