زرداری کیساتھ فیصلہ کیا ق لیگ اپنے نشان پر الیکشن لڑے گی: شجاعت


لاہور(خصوصی رپورٹر) ق لیگ کے صدر سینیٹر چودھری شجاعت حسین اور سیکرٹری جنرل سینیٹر مشاہد حسین سید نے یہاں مقامی سکول کی گجرات برانچ کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا اسلام آباد میں صحت کے ادارے پمز کا نام ہم ہر گز تبدیل نہیں کرنے دیں گے کیونکہ اس ادارے کا نام قائداعظمؒ سے منسوب ہے، اس ادارے کے نام کو تبدیل کرنے کا مطلب ہے قائداعظمؒ کا نام تبدیل کرنا اور ہم ایسا کرنے کی اجازت کبھی نہیں دیں گے کیونکہ اس ادارے کے ملازمین کو مفت علاج کی جو سہولت میسر ہے وہ بھی ختم ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا سینٹ اور قومی اسمبلی میں اس بل کو پیش کیا گیا تو ہم اس کی بھرپور مخالفت کریں گے۔ چودھری شجاعت حسین نے کہا صدر زرداری کے ساتھ ہمارے مذاکرات میں فیصلہ کیا گیا ہے ہماری پارٹی ق لیگ اپنے انتخابی نشان سائیکل پر الیکشن لڑے گی، ہماری پارٹی کا اپنا منشور ہے ہم اسے چھوڑ نہیں سکتے۔ این اے 105 سے چودھری پرویزالٰہی الیکشن لڑیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا ہائر ایجوکیشن کمیشن کو تباہ کرنے کیلئے چند لوگوں نے مہم شروع کر رکھی ہے لیکن اس سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ اس ادارے کی ترقی کیلئے ہم نے مل کر کام کرنا ہے اور سازشیوں کے ٹولے کی تمام سازشیں ناکام بنانی ہیں۔ ایچ ای سی کو ہم نے مزید آزاد اور خودمختار ادارہ بنانا ہے۔ اس موقع پر ارکان اسمبلی و دیگر رہنما حلیم عادل شیخ، چودھری شافع حسین، میاں عمران مسعود، خالد اصغر گھرال، چودھری فیصل مشتاق، چودھری خالد، ڈاکٹر سامعہ امجد، آمنہ الفت اور کنول نسیم بھی موجود تھے۔ بعد ازاں سکول کی سی ای او، چیف ایجوکیشن آفیسر مسز فیصل مشتاق نے چودھری شجاعت حسین اور مشاہد حسین سید کو اعزازی شیلڈز پیش کیں۔ نوائے وقت نیوز کے مطابق چودھری شجاعت حسین نے کہا نگران سیٹ اپ میں کوئی اچھا آدمی وزیراعظم بنے گا میں نہیں بن رہا۔

شجاعت