کرپشن فری پاکستان کیلئے تحریک انصاف کردار ادا کریگی: ایس اے حمید

لاہور (خبر نگار) تحریکِ انصاف کی پولیٹیکل اور سٹریٹیجک کمیٹی کے رُکن ایس اے حمید نے کہا ہے کہ وکلا ا ور سول سوسائٹی کی بے مثال جدوجہد کے نتیجہ میں پاکستان میں آزاد عدلیہ کا قیام ایک تاریخی کارنامہ ہے، اسی طرح انصاف پر مبنی نظام قائم کرنے، ایک روشن و خوشحال اور کرپشن فری پاکستان کی تکمیل کے لئے پاکستان تحریک انصاف اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی۔ ملک میں اس وقت اسٹیٹس کو کی تمام پارٹیز اور نام نہاد اپوزیشن نے عوام کو مایوسیوں کے سوا کچھ نہیں دیا اور لوگوں کا اپنی بنیادی ضروریات تک کو پورا کرنا ناممکن ہو گیا ہے۔ مہنگائی، بیروزگاری، لاقانونیت، بجلی و گیس کی لوڈ شیڈنگ اور آئے روز ان کی قیمتوں میں اضافے نے عوام کو جکڑرکھا ہے لیکن حکمرانوں کو نہ تو عوام کی تکالیف اور مشکلات کا احساس ہے اور نہ ان مسائل کے حل کے لئے کوئی پالیسی وضع کی جا رہی ہے۔