چیئرمین نیب سے لٹیروں کیخلاف کارروائی کی کوئی توقع نہیں: صائمہ شہزادی

لاہور (خبر نگار) مسلم لیگ (ن) شعبہ خواتین پنجاب کی رہنما صائمہ شہزادی خان نے کہا ہے کہ اتحادی حکمران بدعنوان اور عدلیہ کے نافرمان ہیں، مایوس اور مضطرب عوام کے ہاتھوں ارباب اقتدار کی شامت آنے والی ہے، چیئرمین نیب ایڈمرل (ر) فصیح بخاری سے قومی لٹیروں کے احتساب کی کوئی امید اور ان کی کسی بات پر اعتماد نہیں، اب قومی لٹیروں اور این آراو زدگان کا احتساب عوام اپنے انداز میں کریں گے، حکمران سوئس بنک سے کسی نامعلوم بنک میں منتقل ہونے والے کروڑوں ڈالرزکو ہڑپ کرنے کا خیال دل سے نکال دیں۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کی عدم دلچسپی، غیرسنجیدگی اور مجرمانہ غفلت کے نتیجہ میں توانائی بحران بدستورموجود ہے، موسم سرما میں لوڈشیڈنگ ناقابل برداشت ہے، پیپلزپارٹی نے روٹی، کپڑا اور مکان کا نعرہ لگایا اور عوام کو بیوقوف بنایا مگر اقتدار میں آنے کے بعد مرحلہ وار عوام سے سب کچھ چھین لیا۔