مشائخ عظام اور پیران کرام کا ڈاکٹر طاہرالقادری کی مکمل حمایت کا اعلان

لاہور (پ ر) ڈاکٹر طاہرالقادری نے 23 دسمبر سے ملک بچانے کی جس جدوجہد کا اعلان کیا ہے، اس کی حمایت میں ملک بھر کے مشائخ عظام اور پیران کرام بھی میدان عمل میں نکل آئے ہیں، اس سلسلے میں مختلف آستانوں کے سجادہ نشینوں نے گزشتہ روز تحریک منہاج القرآن کی سپریم کونسل کے صدر ڈاکٹر حسن محی الدین القادری سے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاﺅن میں ملاقات کی اور انہیں ملک بچانے کی جدوجہد میں مکمل حمایت کا یقین دلایا۔ ملاقات کیلئے آنے والے پیر سید خلیل الرحمن چشتی، مخدوم سید نفیس الحسن شاہ بخاری، پیر خواجہ بلال احمد چشتی، پیر خواجہ قطب الدین فریدی، پیر مخدوم سید چن پیر قادری، پیر سید ہارون گیلانی اور دیگر مشائخ عظام شامل تھے جبکہ پیر سید کبیر علی شاہ، پیر کرنل (ر) عظمت اللہ شاہ، پیر سید ذاکر حسین سجاد زنجانی اور پیر محمد حسین آزاد نے بھی ملک بچانے کیلئے ڈاکٹر طاہرالقادری کی مکمل حمایت کا اعلان کیا ہے۔